عمران خان نے ضمنی انتخابات سے قبل منحرف اراکین کیلئے بڑی مشکل کھڑی کر دی

لاہور(پی این آئی)ضمنی انتخابات میں عوام نے ضمیر بیچنے والوں سے بدلا لینا ہے اور لوٹوں کو شکست دینی ہے، عمران خان کا لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ورکرز کنونشن سے خطاب۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام نے ضمیر بیچنے والوں سے بدلا لینا ہے اور لوٹوں کو شکست دینی ہے۔

 

لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ کیا پی پی 168 کے عوام لوٹے کو ہرانے کیلئے تیار ہے، عوام کسی صورت لوٹوں کو کامیاب نہ ہونے دے، لوٹے ضمیر بیچ کر حلقے کے عوام کی توہین کرتے ہیں، اب عوام نے بدلا لینا ہے اور ان لوٹوں کو شکست دینی ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہم نے بیرونی سازش سے مسلط ہونیوالوں کو ناکام بنانا ہے، ناجائز اور امپورٹڈ حکومت کو ہر حال میں شکست دینی ہے۔انہوں نے ورکرز سے کہا کہ آپ نے گھر گھر جاکر لوگوں کو تیار کرنا ہے، یہ جتنی بھی دھاندلی کرلیں آپ نے ملک نواز کو جتوانا ہے اور لوٹے کو شکست دینی ہے۔انہوں نے کہا کہ پولیس سے لوگوں کو ڈرایا جارہا ہے، غنڈہ گردی کی جارہی ہے، ملک نواز اعوان میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، ملزم حمزہ اور اس کے والد چیری بلاسم شہباز شریف کو شکست دینی ہے۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے ہونے والے بلدیاتی الیکشن کو فوری طور پر کالعدم قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج الیکشن ڈے نہیں غنڈہ گردی ڈے ہے۔

 

نجی ٹی وی کے مطابق سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الیکشن کو کالعدم قرار دینے کیلئے عدالت سے رجوع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کراچی کی سب سے بڑی جماعت ہے، اگر شفاف الیکشن ہوئے تو تحریک انصاف کو کوئی نہیں ہرا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔عمران اسماعیل نے کہا کہ اس الیکشن کمیشن سے توقع ہے کہ فارن فنڈنگ میں پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دے گا، ہرروز ڈیرل اورپیڑول کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے، مجھے شرم آتی ہے یہ کہتے ہوئے کہ قائد اور اقبال کا خواب ان حالات میں تو پورا نہیں ہوسکتا ہے۔پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا ایک ہی حل ہے اور وہ ہے الیکشن کا انعقاد۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پولیس کو استعمال کیا گیا، ہمارے امیدوار کو اغوا کیا گیا، ہمارے کارکنوں پرریاستی تشدد کیا گیا، تشدد کے لیے ریاستی مشینری کا استعمال ہوا۔انہوں نے کہا کہ ای سی پی سمیت دیگر باقی تمام ادارے بھی خاموش تماشائی بنے رہے حالانکہ سب کو میڈیا کے ذریعے آگاہ کیا، خالد ڈومکی صاحب نے کہا کہ کھلے عام پولیس کو استعمال کیا جارہا ہے، وہاں لڑائی ہوئی، سانگھڑ میں ہمارے بھائی کو شہید کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close