عمران خان کےالزامات پر بریگیڈئیر ریٹائرڈ مظفر رانجھا پھٹ پڑے، بڑا چیلنج کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)سابق ڈی جی اینٹی کرپشن بریگیڈیئر ریٹائرڈ مظفر رانجھا نے کہا ہے کہ عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کا جواب دینا بھی اپنی ہتک سمجھتا ہوں، عمران خان کو دوبارہ پیشکش ہے کہ حقائق جاننے کے لیے ایک کمیشن بنالیتے ہیں، 4 مئی کو بھی کہا تھا کہ کمیشن بنالیتے ہیں لیکن پہلے حلف نامے پر دستخط کریں گے، جو کمیشن میں غلط ثابت ہوگا وہ سزائے موت کا حقدار ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کو 2013 میں اقتدار دلانے کے لیے سیاسی انجینئرنگ کا الزام لگانے پر انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر عمران خان کو جھوٹے الزامات پر سامنا کرنے کا چیلنج دے دیا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ چار سال وزیراعظم رہ کر عمران خان نے تحقیقات کیوں نہیں کروائی؟ میری کمیشن بنانے کی پیشکش پر میڈیا سے کہا کہ ان کا الزام سیاسی بیان تھا۔مظفر رانجھا نے کہا کہ ایسا ہی عمران خان نے نجم سیٹھی پر الزام لگا کر کیا، عمران خان جھوٹے الزامات سے باز نہ آئے تو کورٹ لے جاؤں گا، عمران خان کے بارے میں بہت کچھ پتا ہے وہ سب میڈیا کو بتا دوں گا، اقتدار کھوکر عمران خان کی دماغی حالت ٹھیک نہیں رہی، انہیں سنجیدہ نہیں لیں۔انہوں نے کہا کہ چار سال عمران خان وزیراعظم رہے کہیں بھی یہ معاملہ نہیں اٹھایا، اب یہ بات کررہے ہیں تو ایک ہی مقصد ہے ادارے کو متنازع کیا جائے، ذات کی قربانی دے سکتا ہوں ادارے کو متنازع بنانے نہیں دوں گا، عمران خان جس فورم پر چاہیں آجائیں، اگر جھوٹے ثابت نہ ہوں تو ہر سزا کے لیے تیار ہوں۔مظفر رانجھا نے کہا کہ عمران خان کے الزامات پر 2 سال پہلے فوج چھوڑ دی تاکہ یہ ادارے پر نہیں مجھ سے بات کریں، فوج نے خود کو سیاست سے الگ کرلیا ہے تو اس کو سمجھ نہیں آرہی کہ کس کس پر الزام لگاؤں۔

 

سابق ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ ان حضرت کو پتا ہونا چاہیے کہ ان کی سب چیزوں کا مجھے علم ہے، میں اپنے ادارے کی عزت کی وجہ سے نہیں بول رہا تھا، اب اگر عمران خان نے بولا تو عدالت بھی لے جاؤں گا اور دیگر فورمز پر بھی، اس شخص نے وتیرہ بنالیا ہر ایک پر الزام لگاتا ہے مگر کسی جگہ ٹکتا نہیں، نجم سیٹھی، شہباز شریف یا میری مثال لیں اس شخص نے سب پر الزامات ہی لگائے، اگر اس کے فائدے کی بات ہو تو ٹھیک اور فائدے کی بات نہ ہو تو ساری دنیا غلط ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں