محکمہ بجلی کے تمام ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کردی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) پی اے سی نے محکمہ بجلی کے تمام ملازمین کی مفت بجلی کی سہولت ختم کردی ۔نورعالم خان کی صدارت میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین پی اے سی نے اجلاس میں کہا کہ ملازمین کے بچوں کو نوکریوں میں ترجیح دی جائے۔جب کہ سیکرٹری توانائی نے کہا کہ ملازمین کے مفت یونٹس بند کر دیئے تو بے چینی پھیل جائے گی۔جتنے ملازمین کو مفت یونٹ ملتے ہیں وہ ان کی تنخواہ میں ڈال دیئے جائیں۔

 

چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ ملازمین کو مفت یونٹس کی رقم ان کی تنخواہ میں ڈال دی جائے۔اس طرح کا فیصلہ ایسی صورتحال میں کیا جا رہا ہے جب بجلی کی قیمت میں بےتحاشا اضافہ ہو چکا ہے۔بجلی کی بچت کے لیے حکومت مختلف اقدامات بھی کر رہی ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی بچت پالیسی کے تحت کاروباری سرگرمیوں کی بندش کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا تھا،ق ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی جانب سے اعلان کیا گیا تھا کہ صوبائی دارالحکومت میں اتوار کے روز تمام مارکیٹیں بند ہوں گی۔اتوار کے روز ناصرف تمام مارکیٹیں، پلازے، دکانیں، شاپنگ مالز بند رہیں گے، جبکہ ہفتہ وار تعطیل والے دن دفاتر، اسٹور رومز، گودام، ویئر ہاؤسز بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب محمد حمزہ شہباز شریف نے توانائی کی بچت کے لئے صوبہ بھر کی تاجر برادری کے عہدیداروں کے نمائندہ وفد کے ساتھ مشاورت کے بعد صوبہ بھر کی مارکیٹیں، بازار اور کاروباری مراکز رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ پنجاب بھر میں ریسٹورنٹس رات ساڑھے11بجے تک کھلے رہیں گے۔شادی ہالز سابق پالیسی کے تحت رات 10 بجے تک کھل سکیں گے جبکہ ہفتے کو تاجر برادری کو کاروبار کے اوقات میں خصوصی رعایت دی جائے گی۔ میڈیکل سٹورز پر 9 بجے بندش کے فیصلے کا اطلاق نہیں ہو گا۔ بجلی کی بچت کے لیے وزارت پاور ڈویژن نے بڑے اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری تیار کی تھی۔ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق سمری کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی۔

 

سمری کے مطابق ملک بھر کے کمرشل فیڈر ز کو شام 7 سے رات 10 بجے تک بند کرنیکا فیصلہ کیا گیا ہے، کمرشل فیڈرز پر دن کے اوقات میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔ ذرائع پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کمرشل فیڈرز کی بندش سے 5 ہزارمیگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی، شام 7 سے رات 11 بجے تک ٹیوب ویل کے فیڈرز کی بجلی بھی بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ٹیوب ویل والے فیڈرزبند ہونے سے 3 ہزار میگاواٹ بجلی کی بچت ہوگی۔ ذرائع نے بتایا کہ ان تجاویز کی اسی ہفتے وزیراعظم اور کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔ ذرائع پاور ڈویژن کے مطابق تاجروں کی جانب سے دکانیں جلد بند کرنے سے انکار پر متبادل تجاویز تیار کی گئی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close