سابق صدر پرویز مشرف کی وطن واپسی، حکومت نے اہلخانہ کو بڑی پیشکش کر دی

اسلام آباد (پی این آئی ) وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پرویز مشرف کی وطن واپسی کیلئے سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کردی ، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کہتے ہیں کہ حکومت پرویز مشرف کو واپس لانے کے لیے سہولت فراہم کرنا چاہتی ہے ، سابق صدر کو سزا ہوئی تھی وہ واپس آئیں، عدالت ان کے معاملے کودیکھے، مشرف کوواپس آنا چاہیے، وہ قانون کا سامنا کریں۔

 

تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ ہماری حکومت نے بجٹ میں امیرطبقے پرٹیکس لگایا ہے ، یہ دوماہ کی حکومت سے حساب مانگ رہے ہیں ، کل کو روشن کرنے کے لیے پاکستان کا ساتھ دیں ، ملک ہے توہم سب ہیں ، خدا کے لیے اس ملک کا سوچیں مثبت تجاویزدیں کیوں کہ نعروں اور کھوکھلے وعدوں سے ملک ٹھیک نہیں ہوگا۔وزیر قانون نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے بروقت ایندھن نہیں منگوایا ، پچھلے دورمیں ملکی معیشت کے ساتھ کھلواڑ ہوئے ، احتساب کے خوف کی وجہ سے سرکاری ملازمین نے کام کرنا چھوڑدیا تھا ، گزشتہ حکومت سرکلرڈیٹ کو دُگنا کر کے چھوڑ کر گئی ، اتحادی حکومت نے ریاست کے مفاد کے لیے فیصلے کیے ہیں ، ڈیل چاہے آئی ایم ایف یا کسی خودمختارملک کے ساتھ ہو ، معاہدہ عمران یا شہباز کا نہیں ملک کا ہوتا ہے ، بلیم گیم شروع کریں گے تویہ سلسلہ ختم نہیں ہوگا۔ادھر متحدہ عرب امارات کی حکومت انہیں بوئنگ 777 طیارے کو ائیر ایمبولینس میں منتقل کرکے فراہم کرنے کو تیار ہے ، جس میں وہ تمام آلات اور سہولیات میسر ہوں گی جو پاکستان منتقل ہونے کے لیے ضروری ہے ، اس حوالے سے طارق عزیز سابق صدر کی اہلیہ صہبا مشرف سے رابطے میں ہیں ، جو اپنے شوہر کے ساتھ دبئی کے ہسپتال میں ہیں۔

 

بتایا گیا ہے کہ سابق صدر پاکستان پرویز مشرف کو ڈاکٹروں نے سفر سے منع کردیا کیوں کہ سابق صدر کی بات کرتے ہوئے سانس اکھڑتی ہے جس کی وجہ سے جنرل (ریٹائرڈ) پرویز مشرف کا جلد وطن واپسی کا کوئی منصوبہ نہیں ہے کیوں کہ ڈاکٹروں نے انہیں مشورہ دیا ہے کہ وہ فضائی سفر سے اجتناب کریں۔ماضی میں پرویز مشرف کے پرنسپل سیکرٹری اور نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری جنرل رہنے والے طارق عزیز نے دی نیوز کو بتایا کہ جنرل پرویز مشرف وطن واپس آنا چاہتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی رائے آڑے آگئی ہے ، سابق صدر کے گھر والوں نے ان تمام افراد سے اظہار تشکر کیا ہے جنہوں نے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر پرویز مشرف کی صحت یابی کی دعائیں کی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں