نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی، شیری رحمان نے کس کو ٹارگٹ کر لیا؟

اسلام آ باد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ سابق پنجاب حکومت کی لوٹ مار کی کہانیاں آہستہ آہستہ سامنے آرہی ہیں۔ وفاقی وزیر شیری رحمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ عمران خان گزشتہ چار ماہ سے عالمی سازش کے نام پر لوگوں کو گمراہ کر رہے تھے، اب خود کہہ رہے ان کو ایک سال پہلے معلوم تھا ان کی حکومت جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مسلسل ایک بیانئے کی تلاش میں ہیں، عدم اعتماد میں شکست تسلیم کرنے کے بجائے ابھی تک وہ اداروں کو ذمہ دار ٹھرا رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ کبھی نیوٹرلز کے منت سماجت میں پاں پکڑ لیتے ہیں کبھی ان کو دھونس دھمکیاں دینے پر اتر آتے ہیں، کبھی کہتے تھے اقتدار سے نکل کر خطر ناک ہوجائیں گے کبھی کہتے ہیں انہوں نے نیوٹرلز کو سمجھایا تھا۔ انکا کہنا ہے کہ کیا وہ دوبارہ آر ٹی ایس میں خرابی کے ذریعے انتخابات جیت کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں؟ اگر عمران خان کے مخالفین پر کیسز تھے تو پونے چار سال میں ثابت کیوں نہیں کر سکے؟ وفاقی وزیر نے کہا کہ اب عمران خان دعوہ کر رہے کہ ان کی حکومت کے خلاف کوئی کرپشن کیس نہیں تھا، کیا بیانیہ بنانے کے چکر میں چینی، گندم، ادویات، پیٹرول، ایل این جی، بی آر ٹی، مالم جبا اور دیگر کرپشن کیسز بھول گئے ہیں؟

شیری رحمان نے کہا کہ موجودہ کابینہ پر انگلی اٹھانے والے کیا اپنا دور بھول گئے ہیں؟ سابق پنجاب حکومت کی لوٹ مار کی کہانیاں بھی آہستہ آہستہ سامنے آرہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود کرپشن اور بدعنوانیوں میں پونے چار گزارنے کے بعد عمران خان پھر سے نیک اور ایماندار بننے کی کوشش کر رہے ہیں، نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close