اسلام آباد (پی این آئی) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ آئندہ بار بار خلاف ورزی کی صورت میں صرف چالان نہیں ہو گا بلکہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی مدد سے ایک خاص مہلت کے بعد ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے موٹروے پولیس نے پوائنٹ سسٹم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے مطابق ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2سال میں 20 پوائنٹس کراس کرنے پرلائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔
نئے نظام کے حوالے سے آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے خالد محمود کا کہنا ہے کہ موٹروے پر ڈرائیونگ لائسنس پر ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم کو نافذالعمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ موٹروے پولیس نے پورے پاکستان سے 80لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنس کا ڈیٹا محفوظ کر لیا ہے، موٹروے پولیس اب ہر چالان پر ڈرائیونگ لائسنس پر پوائنٹس کاٹے گی، دو سال میں پوائنٹس 20سے تجاوز کی صورت میں ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا۔
بتایا گیا ہے کہ سابقہ تمام چالانوں کا ریکارڈ اب شناختی کارڈ، موبائل نمبر یا لائسنس نمبر کی مدد سے حاصل کیا جا سکے گا۔ موٹروے پولیس نے تمام لائسنسز کا ڈیٹا بیس سسٹم تیار کر لیا ہے اور پوائنٹس سسٹم پر جلد عملدرآمد شروع کردیا جائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں