ہمسائے لڑکے نے تنگ کیا، چھٹی جماعت کی طالبہ نے خود کو آگ لگا لی، جان سے گئی

کراچی (پی این آئی) کورنگی میں ایک نوجوان لڑکی نے مبینہ طور پر پیٹرول چھڑک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ لڑکی کے والد نے الزام لگایا ہے کہ پڑوس کا لڑکا ان بیٹی کو تنگ کرتا تھا جس کی اس نے متعدد بار شکایت کی تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق کورنگی، مہران ٹاؤن میں پیٹرول چھڑک کر لڑکی کی مبینہ خودسوزی کے واقعہ کا مقدمہ کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقتولہ کےوالد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مدعی نے بتایا کہ میری بیٹی سدرہ چھٹی جماعت میں پڑھتی تھی، میری بیٹی نے شکایت کی کہ پڑوس کا لڑکا حمیر اسے تنگ کرتا ہے،

حمیر چھت پر کبوتر اڑاتا اور بیٹی کو تنگ کرتا تھا۔ شکایت کرنے پر حمیر نے کہا کہ وہ اب چھت پر کبوتر نہیں اڑائے گا، 2 روز قبل میں اور میرا بیٹا مزدوری کرنے گئے ہوئے تھے کہ پڑوس کے دکاندار کا فون آیا، اس نے بتایا کہ آپ کی بیٹی نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگائی ہے۔ لڑکی کے والد نے بتایا کہ خودسوزی واقعے کے بعد میری بیٹی شدید زخمی ہوگئی تھی جو کہ بعد میں انتقال کر گئی۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close