عمران خان کو قتل کرنے کا منصوبہ تیار ،دہشتگردوں نے قاتل کی خدمات کس ملک سے حاصل کیں؟ سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ جاری کردیا

پشاور (پی این آئی) سی ٹی ڈی نے عمران خان کے قتل سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کردیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں، جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے۔روزنامہ جنگ میں جاوید عزیز خان کی شائع خبر کے مطابق، سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا نے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد، سابق وزیر اعظم عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں نے افغانستان کے ایک قاتل کی خدمات حاصل کی ہیں، جو ممکنہ طور پر حملہ کرسکتا ہے۔ حالیہ دنوں میں پی ٹی آئی کے رہنماء ان خدشات کا اظہار کرچکے ہیں کہ سابق وزیراعظم کو قتل کرنے کے لیے ایک ٹارگٹ کلر کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔مذکورہ تھریٹ الرٹ کے متن کا اشتراک مختلف فورمز پر کیا گیا ہے جس کے مطابق افغانستان کے ایک قاتل کو ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ عمران خان کو ٹارگٹ کرے۔

جب کہ قاتل نے یہ ذمہ داری دوسروں کے سپرد کی تھی۔ تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ تھریٹ الرٹ کے تناظر میں سابق وزیر اعظم کی سیکورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔خیبر پختونخوا کے ایک سینئر پولیس افسر نے تصدیق کی ہے کہ سی ٹی ڈی نے تھریٹ الرٹ 18 جون کو جاری کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ اسے خفیہ رکھا جائے اور سوشل میڈیا پر اسے لیک نہ کیا جائے۔پی ٹی آئی رہنماء فیاض الحسن چوہان نے ٹوئٹ کیا تھا کہ

رپورٹس ہیں کہ ایک دہشت گرد کو عمران خان کو ٹارگٹ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ جب کہ پی ٹی آئی کے ایک ورکر نے ایسی ہی بات کی کہ قاتل نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں ایک گھر بھی حاصل کرلیا ہے۔ماضی میں بھی متعدد سیاسی رہنمائوں سے متعلق تھریٹ الرٹس جاری کیے گئے تھے جس میں متعلقہ اداروں سے سخت سیکورٹی فراہم کرنے کا کہا گیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close