کراچی (پی این ایس) صوبہ سندھ میں بجلی کی قلت پر قابو پانے کے لیے کاروباری مراکز رات ساڑھے نو بجے بند کرنے کے حوالے سے الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ دکانداروں کو نصف گھنٹے کا گریس ٹائم دیا جائے۔ محمد رضوان نے کہا کہ الیکٹرونک ڈیلرز کو معمولی تاخیر پر حراست میں لے کر مقدمہ درج کیا گیا ہے جو کہ زیادتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 20 سے زائد الیکٹرونک ڈیلرز کے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے سینئر وزیر ناصر شاہ کو تشویش سے آگاہ کیا ہے، مقدمات اور دکانیں سیل کرنے سے گریز کیا جائے۔
یہ بات اہم ہے کہ بجلی کی بچت کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں کاروباری اوقات کار تبدیل کرتے ہوئے بازار اور کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ نے دفعہ 144 کے تحت کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے بند کرنے کا حکم نامہ جاری کیا تھا۔محکمۂ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی سمیت سندھ بھر میں کاروباری سرگرمیاں رات 9 بجے کے بعد جاری رکھنا ممنوع قرار دیا گیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں