سابق صدر پرویز مشرف کی پاکستان واپسی کے حوالے سے اہلخانہ کا نیابیان آگیا

دبئی(پی این آئی)سابق صدر و جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی فیملی نے ان کی بیماری سے متعلق ردعمل کا اظہار کیا ہے۔سابق صدر کی فیملی کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی کیلئے ملکی قیادت کے رابطہ کرنے پر شکرگزار ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ پاکستان واپسی سے پہلے طبی، قانونی اور حفاظتی چیلنجز کوبغور دیکھ رہے ہیں۔پرویزمشرف فیملی کے مطابق پاکستان میں مطلوبہ ادویات اورطبی سہولیات نہیں ہیں۔

 

خیال رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف شدید علیل ہیں اور دبئی میں زیرعلاج ہیں، انہیں ڈاکٹروں نے سفر سے منع کردیا ہے جس کے بعد ان کی جلد وطن واپس ممکن نہیں۔واضح رہے کہ پرویز مشرف 2016 میں عدالتی حکم پر ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل ) سے نام نکالے جانے کے بعد وہ ملک سے باہر چلے گئے تھے اور اس وقت سے دبئی میں مقیم ہیں۔17 دسمبر 2019 کو خصوصی عدالت نے جنرل (ر) پرویز مشرف کو سنگین غداری کیس میں سزائے موت کا حکم دیا تھا۔عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ پرویز مشرف نے 3 نومبر 2007 کو آئین پامال کیا اور ان پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں