حلقہ این اے 240ضمنی الیکشن ، جیتنے والے امیدوار کو بھی بڑا جھٹکا لگ گیا، ضمانتیں ضبط کر لی گئیں

کراچی (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ کم ہونے کی وجہ سے کامیاب امیدوار سمیت تمام امیدواروں کی ضمانتیں ضبط کرنے کا فیصلہ کرلیا۔الیکشن کمشنر کراچی سید ندیم حیدر کے مطابق این اے 240 میں ووٹر ٹرن آؤٹ 8.38 فیصد رہا جس کے باعث کامیاب امیدوار سمیت تمام امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوسکتی ہیں۔ این اے 240 کے ضمنی انتخاب سے سبق سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ این اے 245 کے ضمنی انتخاب میں یہ غلطیاں نہ ہوں۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے این اے 240 کے ضمنی الیکشن کا حتمی نتیجہ بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محمد ابو بکر 10683 ووٹ لے کر کامیاب رہے ۔یہ نشست ایم کیو ایم پاکستان کے اقبال محمد علی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ انہوں نے 2018 کے عام انتخابات میں اس حلقے سے 61 ہزار 165 ووٹ حاصل کیے تھے۔پاکستان میں الیکشن کی شرائط کے مطابق اگر کوئی شخص اپنے حلقے کے کل رجسٹر ووٹرز کی تعداد میں سے 12 فیصد یا اس سے کم ووٹ لے تو الیکشن کمیشن اس کی ضمانت ضبط کر لیتا ہے۔ یہ ضمانت الیکشن کمیشن کے پاس بطور فیس جمع کرائی جاتی ہے۔

قومی اسمبلی کے لیے یہ فیس پہلے چار ہزار تھی جواب بڑھ کر پچاس ہزار کر دی گئی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں پہلے یہ فیس دو ہزار روپے تھی جو اب بڑھا کر پچیس ہزار کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close