وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کا مہنگائی کیخلاف احتجاج درست قرار دیدیا

لاہور (پی این آئی) وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مہنگائی پر ہمارا احتجاج بھی ٹھیک تھا پی ٹی آئی کا بھی صحیح ہے، تیل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کی وجہ ہے،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ روس یوکرین کی جنگ ہے۔ انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کیا، قرضوں کا بوجھ بڑھا۔

 

مہنگائی ہوئی اس کے علاوہ دوسرے پہلو بھی تھے، کیونکہ یہ آدمی سیاستدان نہیں ہے، کوئی سیاستدان نہیں کہتا میں اپنی مخالف جماعت کو نہیں چھوڑوں گا، میں مرنے تک ان کو چھوڑوں گا نہیں۔کیا پارلیمانی اور جمہوری نظام میں یہ ممکن ہے، کیا اس طرح سے ملک آگے بڑھ سکتا ہے،انہوں نے انتظام کیا تھا کہ ریٹائرڈ سیشن ججز کو ہائیکورٹ کے جج کے برابر مراعات دینی تھیں، ان ریٹائرڈ ججز کو چن چن کر عدالتوں میں لگا کر ن لیگ اور مخالفین کو سزائیں دینی تھیں، ٹرانسفر پوسٹنگ کیلئے ایسے حالات بنائے گئے جس کی 70سالوں میں مثال نہیں ملتی۔نومبر 2021 کی بات آپ کے علم میں ہے کہ پہلی بار ایسی تعیناتی کو تماشا بنایا گیا، ایسا سوچا بھی نہیں جاسکتا، نہ ہی ایسا پہلے کبھی ہوا۔ ہمارے باقاعدہ معلومات تھیں کہ وہ لوگوں کو بلاوجہ جیلوں میں ڈالے گا، یہ بندہ ملک میں فتنہ اور ناسور ہے، یہ ملک کو تباہی سے دوچار کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب فیٹف ایشو پر دیکھ لیں، یہ کل سے کتنی مبارکبادیں، جبکہ کسی نے کچھ نہیں کیا، اسٹیبلشمنٹ نے سب کیا ہے، اسٹیبلشمنٹ نے اپوزیشن اور حکومت کو ایک میز پر بٹھایا، اپوزیشن کا ہے کہ ساری انتقامی کاروائیوں کے باوجود ٹیبل پر بیٹھی جبکہ یہ بھاگ رہے تھے بیٹھنے کو تیار نہیں تھے، اپوزیشن کی وجہ سے قانون سازی ہوئی۔

 

جس کی وجہ سے فیٹف کے اہداف پورے ہوئے۔انہوں نے کہا کہ میں باقی کی مبارکبادوں کا احترام کرتا ہوں، میری اپنی رائے اور خواہش ہے کہ پاکستان گرے لسٹ سے نکل جاتا،مجھے کل 200 فیصد امید تھی کہ ہم فیٹف گرے لسٹ سے نکل جائیں گے، گرے لسٹ سے نکلنا پاکستان کا حق تھا، مجھے بڑی مایوسی ہوئی ہے، ملک کو گرے لسٹ سے نہ نکالا جانا بڑی زیادتی ہے، میری ذاتی رائے کو حکومت یا پارٹی سے منسلک نہ کرنا، بلاول بھٹو بہت محنت کررہے ہیں، اس پاگل نے بڑا بیڑہ غرق کیا ہے، ہم اس کی سیاست کی نذر ہورہے ہیں، چین، سعودی عرب کے پیچھے پڑ ا رہا اب امریکا کے پیچھے بلاوجہ پڑا ہوا ہے، ان کا سفارتخانہ ترجمہ کرکے بتاتا ہوگا، بڑی شرمندگی والی بات ہے ہمیں ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں