مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی بھی لوڈشیڈنگ ہونے کا خدشہ

اسلام آباد (پی این آئی) مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی بھی لوڈشیڈنگ ہونے کا خدشہ، فائبرآپٹکس کی امپورٹ پرایڈوانس ٹیکس میں اضافے کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں نے خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے بیرون ممالک سے امپورٹ کی جانے والی فائبر آپٹکس پر عائد ایڈوانس ٹیکس میں اضافہ کیے جانے کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے شدید تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا گیا ہے۔

 

سینیٹ کی خزانہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا گیا کہ مستقبل میں بجلی کی طرح فون کالز کی لوڈ شیڈنگ بھی شروع ہو سکتی ہے۔ بتایا گیا کہ حکومت نے ٹیلی کام انڈسٹری کے آلات کو پرتعیش قرار دے کر امپورٹ ڈیوٹی کو 20 فیصد تک بڑھا دیا ہے، جبکہ فائبرآپٹکس کی امپورٹ پرایڈوانس ٹیکس 15 فیصد کر دیے جانے کے بعد ملک میں فائبر آپٹکس امپورٹ کرنا بہت مشکل ہو گیا ہے۔ٹیلی کام کمپنی کے حکام کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان میں صرف 10 فیصد موبائل ٹاورز پر فائبر آپٹکس کا استعمال کیا گیا ہے، اگر فائبر آپٹکس نہیں بچھائی گئیں تو لوگ اے ٹی ایم بھی استعمال نہیں کرسکیں گے۔

 

اس صورتحال میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فائبرآپٹکس کی امپورٹ پر عائد ایڈوانس ٹیکس کو 15 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد پر لایا جائے، دیگر ٹیکسز میں بھی کمی کی جائے۔ تاہم ٹیلی کام کمپنیوں کے ان خدشات کے حوالے سے تاحال وزارت خزانہ یا وزرات انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا تھا، جس میں کئی شعبوں پر عائد ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں