فیٹف ایکشن پلانز کی تکمیل بڑی کامیابی، سہرا کس کے سر سجے گا؟ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا ردِعمل بھی آگیا

راولپنڈی (پی این آئی) آرمی چیف کا کہنا ہے کہ فیٹف ایکشن پلانز کی تکمیل بڑی کامیابی ہے، جی ایچ کیو میں قائم کورسیل اور قومی کوششوں سے یہ ممکن ہوا۔تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے حوالے سے خصوصی بیان جاری کیا ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا ہے کہ پاکستان کی طرف سے فیٹف ایکشن پلانز کی تکمیل ایک بڑی کامیابی ہے، ایکشن پلان پرعمل سے پاکستان کی وائٹ لسٹ کی راہ ہموارہوئی۔آرمی چیف کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو میں قائم کورسیل اور قومی کوششوں سے یہ ممکن ہوا، سول اور ملٹری ٹیم نے ایکشن پلان پر مضبوط عمل یقینی بنایا، کورسیل کی کوششوں سے پاکستان کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔واضح رہے کہ جرمنی کے شہر برلن میں جاری ایف اے ٹی ایف کا اجلاس جمعہ کے روز اختتام پذیر ہو گیا۔ اجلاس کے اختتام پر صدر ایف اے ٹی ایف کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں اعلان کیا گیا کہ پاکستان نے بہترین کارکردگی دکھائی، گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے تمام شرائط پر عمل کیا گیا، پاکستان نے 34آئٹمز پر مبنی اپنے دو پلان مکمل کرلیے ہیں۔2 سال میں 5 مرتبہ انسداد ہشتگردی اقدامات کا جائزہ لیا گیا،پاکستان نے منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی فنانسنگ روکنے کی اصلاحات مکمل کیں، پاکستان نے دہشتگردوں کو مالی معاونت روکنے کیلئے بہترین اقدامات کیے، اسی طرح پاکستان نے انسداد منی لانڈرنگ کیلئے بھی بہترین پیشرفت کی ہے، جون 2018کے بعد پاکستانی قیادت نے بھرپور کام کیا ، پاکستانی حکام کی جانب سے بہت زیادہ محنت کی گئی۔

 

پاکستان کو فی الحال گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے مزید کچھ کرنے کی ضرورت نہیں، تاہم پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی، کورونا صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے جلد ازجلد پاکستان کا دورہ کیا جائے گا۔ فیٹف وفد کے دورہ پاکستان کے بعد رواں سال اکتوبر میں ایف اے ٹی ایف کے اجلاس کے دوران پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکالنے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close