کراچی میں کم ٹرن آؤٹ نے ثابت کردیا کہ حکومت عوامی اعتماد کھوچکی ہے، عمران خان کا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں کم ٹرن آؤٹ نے ثابت کردیا کہ حکومت عوامی اعتماد کھوچکی ہے، این اے 240 میں عوام نے حکومت کو مسترد کردیا ،حکمرانوں نے مہنگائی کرکے مڈل کلاس کو ختم کردیا ،اتوار کو ملک گیر احتجاج کی بھرپور تیاری کریں۔

 

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی سیاسی، معاشی اور کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔عمران خان نے حکومت کی بھارت سے تجارتی تعلقات بحالی کو کشمیر دشمنی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے خصوصی اسٹیٹس کی بحالی کے بغیربھارت سے تعلقات ناقابل قبول ہیں، حکومت کی بھارت سے تعلقات بحالی کشمیریوں سے غداری کے مترادف ہے۔پی ٹی آئی حکومت نے بھارتی مظالم کے خلاف سب سے زیادہ آواز اٹھائی، بھارت میں اور مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں پر ظلم ہورہے ہیں۔مودی فاشسٹ سرکار مسلمانوں کی نسل کشی کررہی ہے۔ عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کو بھارت کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھانے کی ہدایت کی۔عمران خان نے کہا کہ این اے 240 میں کراچی کے عوام نے موجودہ حکومت کو مسترد کردیا ہے، کم ٹرن آؤٹ نے ثابت کردیا کہ حکومت عوامی اعتماد کھوچکی ہے، موجودہ حکمرانوں نے مہنگائی کرکے مڈل کلاس کو ختم کردیا ہے، موجودہ حکمرانوں نے عوام کے سامنے اپنی نااہلی ثابت کردی۔ اجلاس میں عمران خان نے کارکنوں کو اتوار کو بھرپور ملک گیر احتجاج کرنے کیلئے تیاری کرنے کی ہدایت کردی ہے، پوری قوم پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج میں شامل ہو، ہماری حکومت نے امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں کو ریلیف دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں