روس سے تیل خریدا تو پاکستان پر عالمی پابندیاں لگ سکتی ہیں، خدشہ ظاہر کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو روس سے تیل خریدنے کی صورت عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ملک میں موجود آئل ریفائنریز روسی تیل کیلئے سازگار نہیں، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی قیمتیں کم کردی جائیں گی۔

 

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کا پہیہ ترقیاتی بجٹ سے چلتا ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے، عمران خان اپنی حکومت کے کارناموں کو دیکھیں، عمران خان اپنی حکومت کی ساڑھے3 سالہ کارکردگی نہیں بتاسکتے، ہم نے اپنی سیاست کو نہیں پاکستان کو بچانا ہے، جب معیشت مضبوط ہوگی تو ہماری سیاست بھی مضبوط ہوگی، وہ جانتے تھے کہ کس چھتے میں ہاتھ ڈالا ہے، اگر سیاست بچانا ہوتی تو اسمبلیاں توڑ دیتے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستانی معیشت کو تباہ و برباد کرکے چھوڑا ہے، پاکستان کی معیشت کو بحران سے نکالنا ہماری ترجیح ہے۔ ٹونٹی فور نیوز کے مطابق احسن اقبال نے اعتراف کیا کہ اگر پاکستان روس سے تیل خرید بھی لے تو عالمی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، ملک میں موجود آئل ریفائنریز روسی تیل کیلئے سازگار نہیں، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمتیں بڑھی ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں بھی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا، جب عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوں گی تو پاکستان میں بھی پیٹرول کی قیمتیں کم کردی جائیں گی، عالمی منڈی میں تیل اور دیگر اشیاء کی بڑھتی قیمتوں کو مجبوراً فیول پرائسز میں ایڈجسٹمنٹ کرنا پڑتی ہے۔سابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر تمام ٹیکسز اور ڈیوٹیز ختم کردیں موجودہ حکومت پیٹرول پر کوئی ٹیکس نہیں لے رہی بلکہ قوت خرید پر بیچ رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں