قومی اسمبلی ہال’عمران خان زندہ باد‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، نعرہ کس نے لگایا؟

اسلام آباد (پی این آئی ) قومی اسمبلی کا ایوان ایک مرتبہ پھر اس وقت عمران خان زندہ باد کے نعرے سے گونج اٹھا جب رکن اسمبلی میر خان محمد جمالی نے کہا کہ میں نے استعفیٰ نہیں دیا تھا ، آج بھی پی ٹی آئی کا رکن ہوں اور عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے ۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں میر خان محمد جمالی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تین ہفتے میں پٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 84 روپے اضافہ ہوا ہے۔

 

وزیر خزانہ نہ تو منتخب عوامی نمائندے ہیں اور نہ ہی وہ کسی کو جوابدہ ہیں ، وزیر خزانہ نے طنزیہ طور پر ہنس کر کہا کہ قیمتیں بڑھیں گی،وزیر خزانہ غریب آدمی کی حالت کا اندازہ نہیں لگا سکتے،میر کہتے ہیں پی ٹی آئی کی حکومت نے سرنگیں بچھائیں تو پی ٹی آئی کی حکومت میں سب ٹھیک کیسے چل رہا تھا۔ میر خان محمد جمالی نے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کا خون چوس رہی ہے،یہ ساری جماعتیں کیا پاکستان کو تباہ کرنے کے لیے اکٹھی ہوئی ہیں؟ ، میر خان محمد جمالی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں عمران خان زندہ آباد کا نعرہ لگایا۔بعد ازاں وزیر مملکت خزانہ عائشہ غوث پاشا نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی کارکردگی کے نتائج ہم بھگت رہے ہیں، ہمیں ملک کی خاطر آئی ایم ایف پروگرام ہر حال میں کرنا ہے، آئی ایم ایف سے روزانہ کی بنیاد پر بات چیت جاری ہے۔

 

آئی ایم ایف نئے بجٹ کا جائزہ لے رہا ہے، امید ہے آئی ایم ایف سے معاملات جلد طے پا جائیں گے، آئی ایم ایف نے کوئی نیا مطالبہ نہیں کیا، پرسنل انکم ٹیکس، پٹرولیم لیوی اور بجلی کی قیمتیں بڑھانے کا معاہدہ سابق حکومت نے کیا۔عائشہ غوث پاشا نے مزید کہا کہ حکومت نے محنت کی ہے جلد گرے لسٹ سے نکل آئیں گے۔

 

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close