میرے خلاف ایف آئی آر کیسے ختم ہو جائیں گی؟ مونس الہیٰ کا ساڑھے چار گھنٹے کی تفتیش کے بعد انکشاف

لاہور (پی این آئی) پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کے بیٹے، مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ میں آج کہہ دوں کہ ن لیگ کا ساتھ دوں گا تو میرے خلاف ایف آئی آرز بھی ختم ہو جائیں گی۔ لاہور میں ایف آئی اے کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے مجھ سے ساڑھے 4 گھنٹے تفتیش کی گئی، جو سوالات پوچھے گئے میں نے ان سب کا جواب دیا۔ مونس الہٰی نے کہا کہ جب ان کے پاس کوئی سوال نہ رہا تو پھر دوبارہ وہی سوالات کرنے لگے،

میں نے کہا کہ پوچھیں جو سوال پوچھنے ہیں، میں جواب دوں گا۔ مونس الہیٰ نے کہا کہ ایف آئی اے والوں کو کہا کہ اگر کچھ پوچھنا ہے تو بلائیں، دوبارہ بھی آؤں گا، تماشے کی ضرورت نہیں، مجھے سوالنامہ دیا گیا ہے، پڑھ کر جواب دوں گا۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف ایف آئی آر 2 دن پہلے درج کی گئی تو اس میں پی ٹی آئی کہاں سے آگئی؟ یہ ایف آئی آر ن لیگ نے درج کرائی ہے۔ مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسی طرح کے ہتھکنڈے استعمال کرنے ہیں تاکہ اصل مسائل پر توجہ نہ جائے، میں کل بھی ایف آئی اے میں پیش ہوا تھا۔ مونس الہٰی نے کہا کہ میں آج صبح ساڑھے 8 بجے ٹائم پر آ گیا تھا،

میں نے ساڑھے 4 گھنٹے ان کے سوالوں کے جواب دیے ہیں، انہوں نے مجھے ایک سوال نامہ دیا ہے جس کا میں مشورے کے بعد جواب جمع کرا دوں گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close