سعودی عرب نے پاکستانی طالب علموں کو اپنی 25 یونیورسٹیوں میں سکالر شپس دینے کا اعلان کر دیا

ریاض(پی این آئی)سعودی عرب نے پاکستانی طالب علموں کو اپنی 25یونیورسٹیوں میں سکالرشپس دینے کا اعلان کر دیا۔ ’کنگڈم آف سعودی عریبیہ سکالرشپس پروگرام‘ کے تحت دی جانے والی ان سکالرشپس کے تحت ان یونیورسٹیوں میں پاکستانی طالب علموں کے تمام اخراجات سعودی حکومت ادا کرے گی۔ کامیاب ہونے والے طالب علم سعودی عرب کی 25یونیورسٹیوں کے ڈپلومہ، بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرامز میں شامل ہو سکیں گے۔اس پروگرام میں سکالرشپ کے لیے درخواست دینے کی شرائط مندرجہ ذیل ہیں۔

درخواست دہندہ پاکستان یا آزاد جموں و کشمیر کا شہری ہو
پاکستان یا آزاد جموں و کشمیر کے وہ شہری جو سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم ہیں، وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں
ان سکالرشپس کے لیے طلبا اور طالبات دونوں درخواستیں دے سکتے ہیں
جو طالب علم پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مقیم ہیں انہیں سکالر شپ کا 75فیصد ادا کیا جائے گا جبکہ سعودی عرب میں قانونی طور پر مقیم پاکستانی اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کو 25فیصد ادا کیا جائے گا
بیچلرز پروگرام کے لیے امیدواروں کی عمر 17سے 25سال کے درمیان، ایم ایس پروگرامز کے لیے زیادہ سے زیادہ30سال اور پی ایچ ڈی پروگرامز کے لیے زیادہ سے زیادہ 35سال عمر ہونی چاہیے
کامیاب طالب علم رواں سال ستمبر/اکتوبر میں سعودی عرب جا کر تعلیم سیشن میں شرکت کر یں گے
امیدواروں کے لیے لازمی ہے کہ درخواست دیتے وقت ان کے پاس کوئی اور سکالرشپ نہ ہو
درخواست دہندہ مجرمانہ ریکارڈ کا حامل نہ ہو
درخواست دہندہ کے لیے لازم ہے کہ اسے ضابطے کی خلاف ورزی یا دیگر کسی جائز بنیاد پرکسی تعلیمی ادارے سے معطل نہ کیا گیا
طالب علم سکالرشپ کے کے لیے براہ راست یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر یا آن لائن پورٹل پر درخواست دے سکتے ہیں۔ ہر یونیورسٹی کے قواعدوضوابط اور ایپلی کیشن ٹائم فریم مختلف ہے۔ چنانچہ طالب علم کو درخواست دینے سے پہلے یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر اس کے قواعد و ضوابط پڑھ لینے چاہئیں۔ یہ سکالرشپس پولیٹیکل سائنس، لائ، ایجوکیشن، ایڈمنسٹریشن، اکنامکس، انجینئرنگ، کمپیوٹرسائنس، ایگریکلچر، مطالعہ عربی، مطالعہ اسلامیات اور میڈیا سائنسز میں دی جا رہی ہیں۔
سکالرشپس میں سائنس کے طالب علموں کو 900سعودی ریال اور دیگر کو 850ریال ماہانہ الاؤنس دیا جائے گا۔ تمام سکالرشپس پر طالب علموں کو مفت رہائش دی جائے گی۔ شادی شدہ طالب علموں کو 3ماہ کا فرنشنگ الاؤنس اور سعودی عرب کا ریٹرن ایئرٹکٹس دیئے جائیں گے۔مفت میڈیکل(شادی شدہ طالب علموں کی فیملی کو بھی یہ سہولت میسر ہو گی)۔کیمپس میں کھانے پر سبسڈی کے علاوہ دیگر کئی مراعات بھی دی جائیں گی۔
جن یونیورسٹیوں کے لیے سکالرشپس دی جا رہی ہیں ان کے نام مندرجہ ذیل ہیں:۔
جدہ یونیورسٹی
بشہ یونیورسٹی
ام القرا یونیورسٹی
اسلامک یونیورسٹی
امام محمد ابن سعود اسلامک یونیورسٹی
کنگ سعودی یونیورسٹی
کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی
حفر البتین یونیورسٹی
کنگ فیصل یونیورسٹی
کنگ خالد یونیورسٹی
قاسم یونیورسٹی
طیبہ یونیورسٹی
طائف یونیورسٹی
حیل یونیورسٹی
جزان یونیورسٹی
الجوف یونیورسٹی
الباہا یونیورسٹی
تبوک یونیورسٹی
نجران یونیورسٹی
ناردرن بارڈر یونیورسٹی
پرنسس نورا یونیورسٹی
امام عبدالرحمن یونیورسٹی
پرنس ستم بن عبدالعزیز یونیورسٹی
شقرا یونیورسٹی
مجمعہ یونیورسٹی
اس حوالے سے مزید معلومات ہائرایجوکیشن کمیشن کی ویب سائٹ (https://www.hec.gov.pk/english/HECAnnouncements/Documents/KSAscholarships-URDU.pdf) سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں