پاکستان میں لوڈ شیڈنگ بڑھنے کی وجہ یورپی ممالک قرار، امریکی اخبار کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) امریکی اخبار بلومبرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان میں بجلی کی لوڈشیڈنگ یورپی ممالک کی ایک منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق امریکی اخبار لکھتا ہے کہ روس یورپ کو قدرتی گیس فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک تھا۔ یوکرین جنگ کے بعد روس سے گیس کی فراہمی بند ہونے کے بعد یورپ کو گیس کی کمی کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق دوسری طرف یورپ کی گیس کی طلب میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

رواں سال اب تک یورپ کی ایل این جی درآمدگزشتہ سال کے اسی عرصے کی نسبت50فیصد بڑھ چکی ہے اور اس میں کمی آنے کے کوئی آثار بھی نظر نہیں آ رہے۔یورپ کے پالیسی سازوں نے ایک منصوبہ بنایا ہے جس کے تحت وہ روسی گیس کے متبادل کے طور پر ایل این جی ڈلیوری میں نمایاں اضافہ کر رہے ہیں۔ جرمنی اور نیدرلینڈز جیسے یورپی ممالک تیزی کے ساتھ فلوٹنگ امپورٹ ٹرمینلزتعمیر کر رہے ہیں۔یورپ کی طرف سے گیس کی طلب بڑھنے کے باعث ترقی پذیر ممالک کو گیس کی فراہمی کم کر دی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان کو ایل این جی فراہم کرنے والے ممالک پاکستان کی ایک درجن سے زائد شپ منٹس منسوخ کر چکے ہیں۔یورپی پالیسی سازوں کی اس منصوبہ بندی کی وجہ سے پاکستان سمیت لگ بھگ تمام ترقی پذیر ممالک متاثر ہو رہے ہیں اور ان میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ سمیت دیگر مسائل بڑھ رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں