عمران خان تو شہباز شریف سے بھی زیادہ امیر نکلے، اثاثوں کی تفصیلات آگئی

اسلام آباد (پی این آئی ) الیکشن کمیشن پاکستان نےارکان پارلیمنٹ کے 2021 کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کر دیں جس کے مطابق عمران خان 14 کروڑ ، شہباز شریف 10 کروڑ ، آصف زرداری 71 کروڑ سے زائد کے اثاثوں کے مالک ہیں ۔الیکشن کمیشن کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے اثاثوں کی مالیت 14 کروڑ 21 لاکھ روپے ہیں۔

 

چیئرمین پی ٹی ائی کے پاس زمان پارک ، میانوالی میں وراثتی گھر ہیں جبکہ ان کو تحفے میں ملنےوالا بنی گالہ کا گھر 300 کنال کا ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عمران خان کے پاس بھکر میں تین وراثتی جائیدادیں ہیں ، عمران خان نےگرینڈ حیات ٹاور میں دو اپارٹمنٹس کیلئے ایک کروڑ 19 لاکھ روپے ایڈوانس دیا ہوا ہے ۔ عمران خان کے بنی گالہ کے گھر کی اضافی تعمیر ایک کروڑ 14 لاکھ روپے جبکہ لاہور میں زمان پارک کے گھر کی تعمیر پر 4 کروڑ 86 لاکھ کے اخراجات آئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم اور صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف 10 کروڑ کے اثاثوں کے مالک ہیں ، شہباز شریف کے پاس لندن میں ایک کروڑ 37 لاکھ مالیت کی پراپرٹی ہے ،لندن میں موجود ان کا بینک اکاؤنٹ خالی ہے جبکہ پاکستانی بینک اکاؤنٹ میں 20 لاکھ روپے موجود ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کی شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری 71 کروڑ 42 لاکھ کے اثاثوں کے مالک ہیں ۔

 

آصف زرداری پاکستان میں 20 پراپرٹیز کے مالک ہیں ،ان کی 5 جائیدادیں وراثتی ہیں جبکہ وہ ایک کروڑ 66 لالکھ روپے مالیت کا اسلحہ بھی رکھتےہیں جبکہ وہ 6 گاڑیوں کے بھی مالک ہیں ، آصف زرداری بیرون ملک کوئی جائیداد نہیں رکھتے ۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف 100 تولے سونا ، ایک کروڑ 72 لاکھ روپے کیش کے ساتھ 5 پراپرٹیز کے مالک ہیں ۔ ان کے بینک اکاؤنٹ میں 4 لاکھ 70 ہزار روپے موجود ہیں ۔ وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو ایک ارب 60 کروڑ روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں ، بلاول بھٹو دبئی میں دو بنگلوں کے مالک ہیں ایک بنگلہ انہیں وراثت میں جبکہ دوسرا تحفے میں ملا ہے ۔ بلاول بھٹو کے پاس پاکستان میں 19 جائیدادیں ہیں ، وہ 6 کروڑ 68 لاکھ روپے کیش رکھتے ہیں ، ان کے پاس بیرون ملک 150 تولہ سونا ، 7 قیمتی گھڑیاں ہے ، بلاول نے دبئی میں سرمایہ کاری بھی کر رکھی ہے ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق وزیر اعظم کی اہلیہ تہمینہ درانی 57 لاکھ اثاثوں کی جبکہ اہلیہ نصرت شہباز 23 کروڑ کے اثاثوں کی مالک ہیں ۔ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پاک پتن میں 431 کنال اراضی کی مالک ہیں ، پاکپتن کے موضع مانیکا میں ان کی 52 کنال جبکہ موضع پیر غنی میں 379 کنال اراضی ہیں ۔ بشریٰ بی بی کی اوکارہ میں 267 کنال اراضی بھی ہے جبکہ وہ بنی گالہ میں تین کنال پر محیط گھر کی مالکن بھی ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close