پشاور (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے سابق ایم این اے و عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید احمد خان دستی کی ملاقات ہوئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق گذشتہ روز عمران خان سے جمشید دستی کی ملاقات خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہوئی۔ عمران خان نے جمشید دستی کو تحریک انصاف میں شمولیت کیلئے گرین سگنل دے دیا۔جمشید دستی نے عمران خان سے مظفرگڑھ کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کی ٹکٹیں مانگی ہیں۔
جمشید دستی معاملات طے ہونے کے بعد تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کریں گے۔اس سے قبل جب جمشید دستی کی پی ٹی آئی میں شمولیت کی خبریں سامنے آئی تھیں تو پی ٹی آئی اراکین نے چئیرمین عمران خان کو جمشید دستی کو پارٹی میں نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔دوسری جانب تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی کی خالی نشستوں کے ضمنی الیکشن سے قبل لاہور میں زبردست دھچکا لگا ہے۔تحریک انصاف سے بغاوت کرنے پر ڈی سیٹ ہونے والے سابق ایم پی اے نذیر چوہان نے لاہور میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے کئی رہنماوں کو ن لیگ میں شامل کروا لیا ہے۔ لاہور کے صوبائی حلقہ پی پی 167 سے تحریک انصاف کے سابق 11 چیئرمین، وائس چیئرمین نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔نذر چوہان پی پی 167 سے رکن صوبائی اسمبلی کے امیدوار ہیں۔ نذیر چوہان ان دنوں اپنے حلقے میں خاصے متحرک ہیں اور تحریک انصاف کو ہر طرح کا سیاسی نقصان پہنچانے کیلئے کوشاں ہیں۔ جبکہ دوسری جانب تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کی خالی نشستوں پر ضمنی الیکشن کیلئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔ عمران خان کی ہدایت پر تحریک انصاف کی جانب سے ضمنی الیکشن کی بھرپور تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں