انتخابی مہم چلانا اور الیکشن جیتنا بھی مشکل ہے، عمران خان کا اعتراف

اسلام آباد(پی این آئی)ان کیلئے انتخابی مہم چلانا اور الیکشن جیتنا بھی مشکل ہے، نیب قوانین میں تبدیلی پر سپریم کورٹ میں جارہے ہیں، سارا ملک اور ادارے ٹرائل پر ہیں، ساری قوم نیوٹرلز کی طرف دیکھ رہی ہےسابق وزیراعظم عمران خان کی گفتگو۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کا دعویٰ ہےکہ موجودہ حکومت کے لیے انتخابی مہم چلانا اور الیکشن جیتنا بھی مشکل ہے۔

 

نجی ٹی وی چینل کو دیےگئے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں تبدیلی پر سپریم کورٹ میں جارہے ہیں، سارا ملک اور ادارے ٹرائل پر ہیں، ساری قوم نیوٹرلز کی طرف دیکھ رہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پر امن احتجاج کروں گا، دیکھتے ہیں جمہوری حق کوتسلیم کیا جاتا ہے یا نہیں، اگرپرامن احتجاج کا حق نہیں توکہہ دیں کہ ملک میں جمہوریت ختم ہوگئی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نہیں پتا حکومت کس صورت حال میں ملک چھوڑ کر جائےگی، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔اس سے قبل اپنے ایک بیان میں عمران خان نے کہا کہ حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کیلئے کوئی پلان نہیں ہے، ان کی حکمت عملی صرف کرپشن کیسز ختم کرنا ہیں، آصف زرداری کو جیل میں بھیجنے والا نوازشریف تھا، ان کے 10سالوں میں قرضے چڑھے، حکومت نے ایف آئی اے، نیب اور پارلیمنٹ کو ختم کردیا۔وزیراعظم عمران خان نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں ریکارڈ مہنگائی ہوئی، ان لوگوں نے ہماری حکومت کے خلاف مارچ کیا۔

 

یہ لوگ این آر او ٹو لیتے لیتے اداروں کو تباہ کردیں گے، ہرسال کرپشن کی رقم چوری ہوکر بیرون ملک جاتی ہے، تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف بڑی سازش ہوئی اور واضح بھی ہوگیا ہے کہ ہمارے خلاف سازش ہوئی۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ صدر پاکستان نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر آگاہ کیا، آصف زرداری اور شہبازشریف نے ملک کے ساتھ غداری کی ہے، تحریک انصاف کے دور میں معیشت میں بہتری آرہی تھی، اب یہ لوگ کہتے ہیں کہ ہمیں پھنسایا گیا ہے، اگر آپ کو پھنسایا گیا ہے تو الیکشن کا اعلان کردیں۔عمران خان نے کہا کہ آئی ایم ایف نے ہمارے اوپر بھی دباؤ ڈالا تھا لیکن ہم نے پورا زور لگا کر مہنگائی کو روکا،پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے اضافہ ہوا تو بلاول نے مہنگائی مارچ کیا، ہم نے نیوٹرل کو بتایا تھا کہ اگر سازش کامیاب ہوئی تو معیشت تباہ ہوجائے گی، شوکت ترین نے بھی نیوٹرل کو آگاہ کیا تھا۔نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پیٹرول 270 روپے فی لیٹر ہونے جا رہا ہے، یہ لوگ انتخابات جیتنے کے لیے دھاندلی کریں گے، ان لوگوں نے اپنے من پسند افسران کی تعیناتی کردی ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق واپس لے لیا، یہ بجٹ زیادہ سے زیادہ ڈیڑھ ماہ چلے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close