عمران خان چئیرمین نیب کو کیسے بلیک میل کرتے رہے؟ عظمیٰ بخاری کا سنگین الزام

لاہور(پی این آئی)عمران خان نے ہراسانی کی شکار خاتون کی ویڈیو سے چیئرمین نیب کو بلیک میل کیا، سابق چیئرمین نیب جاویداقبال سے بھی مرضی کے فیصلے لینےکی کوشش کی گئی، لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر الزام ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان نے ہراسانی کی شکار خاتون کی ویڈیو اس کی مرضی کے بغیر چلوائی اور سابق چیئرمین نیب کو بلیک میل کرکے مخالفین پر کیس بنوائے۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سابق حکمران اپوزیشن پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات بنانا چاہتے تھے۔

 

سابق چیئرمین نیب جاویداقبال سے بھی مرضی کے فیصلے لینےکی کوشش کی گئی۔عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنی حکومت چلانےکے لیے اداروں کو استعمال کیا، ہراسانی کی شکار خاتون کی ویڈیو کو اس کی مرضی کے بغیر چلوایا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ جاویداقبال صاحب کو استعمال کرکے ن لیگ کے رہنماؤں پرکیس بنوائےگئے۔دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آج اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے بار ایسوسی ایشن میاں چنوں کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت چوہدری مدثر رضا ایڈووکیٹ نے کی جب کہ دیگر وکلا بھی شامل موجود تھے۔ملاقات میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے وکلا نے حقیقی آزادی مارچ میں بھر پور شرکت کی، جلد بڑے لانگ مارچ کا اعلان کروں گا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف چاہتی ہے کہ ملک میں جلد عام انتخابات ہوں، الیکشن کی تاریخ تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔میاں چنوں بار ایسوسی ایشن کے صدر مدثر رضا نے کہا کہ عمران خان کے میاں چنوں بار سے خطاب کی تاریخ کا جلد اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی تمام حلقوں میں بلے کے نشان پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close