سادہ روٹی اور نان کتنے روپے میں فروخت ہو گا؟ نئی قیمت مقرر کر دی گئی

لاہور(پی این آئی) ضلعی انتظامیہ لاہور نے روٹی اور نان کی قیمت مقرر کردی، ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ سادہ روٹی 10 روپے جبکہ نان 15 روپے کا فروخت ہوگا، زیادہ قیمت وصول کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر بھر میں روٹی اور نان کی قیمت مقرر کردی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے سادہ روٹی 10 اور نان 15 روپے فروخت کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

 

ڈی سی لاہور کے مطابق روٹی اور نان کی قیمت بڑھانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ یاد رہے نان بائی ایسوسی ایشن نے 26 جون سے روٹی 15 اور نان 22 روپے میں فروخت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح ڈی سی لاہور عمر شیرچٹھہ نے کہا کہ شہر بھرکے تقریبا 1100 سیل پوائنٹس پر سستا آٹا کی فراہمی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز شہر بھر میں دو لاکھ 25 ہزار 679 سستا آٹا کے بیگز فراہم کئے گئے ہیں جن میں 10 کلو آٹے کے 74021 تھیلے جبکہ 20 کلو آٹے کے ایک لاکھ 51 ہزار 658 تھیلے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 490 روپے جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 980 روپے میں فروخت ہو رہا ہے، اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس آٹے کی سپلائی کو یقینی بنا رہے ہیں۔مزید برآں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے احکامات پر خیبر پختونخوا کے عوام کیلئے سستا آٹا کی سپلائی جاری ہے۔

 

خیبرپختونخوا کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر 10 کلو آٹا تھیلا 400 روپےمیں فراہم کیا جا رہا ہے۔ ترجمان یوٹیلیٹی سٹورز کے مطابق موبائل یوٹیلیٹی سٹورز سے جمعہ کو ایبٹ آباد زون سے 25850 تھیلے فراہم کئے گئے ہیں، پشاور زون سے 25590 تھیلے مختلف مقامات پر مہیا کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پورے خیبرپختونخوا میں یوٹیلیٹی سٹورز کی طرف سے 51440 تھیلے عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے مختلف مقامات پر قائم سستا آٹا سیلز پوائنٹس سے بھی آٹے کی فراہمی جاری ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں