عامر لیاقت کا آخری دیدار کرنے پہنچنے والی تیسری اہلیہ دانیہ ملک کی طبیعت خراب ہوگئی

کراچی (پی این آئی) ر​​کن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کردی ​​گئی ۔ اس موقع پر ان کی تیسری اہلیہ کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔نجی ٹی وی سٹی 21 کے مطابق عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ ملک اپنے شوہر کے آخری دیدار کیلئے کراچی پہنچی تھیں۔ وہ عبداللہ شاہ غازی کے مزار پر عامر لیاقت کا آخری دیدار کرنے پہنچیں جہاں ان کی طبیعت خراب ہوگئی جس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دانیہ ملک کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دوسری جانب معروف ٹی وی میزبان، مقرر، رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تدفین عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں آہوں اور سسکیوں میں کردی گئی، نماز جنازہ ان کے صاحبزادے احمد عامر نے پڑھائی۔عامر لیاقت حسین کی نماز جنازہ میں سیاسی، سماجی شخصیات سمیت شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، نماز جنازہ عبداللہ شاہ غازی مزار کے احاطے میں ادا کی گئی ،

عامر لیاقت کی نماز جنازہ میں اہلخانہ،عزیزواقارب،سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل ،ڈاکٹرفاروق ستار، رمضان چھیپا ، پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان ، اداکار فیصل قریشی سمیت متعدد سماجی، سیاسی، مذہبی رہنمائوں اور شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close