لاہور (نیوزڈیسک)جامعات کی عالمی رینکنگ کرنے والے اور وفاقی و صوبائی سطح پر تسلیم کئے جانے والے سب سے معتبر ادارے کیو ایس نے نئی رینکنگ 2023ء جاری کردی جس میں پنجاب یونیورسٹی کو شاندار کامیابی کا مظاہرہ کرنے پردنیا کی بہترین 57 فیصد جامعات میں شمار کر لیا گیا۔ پنجاب یونیورسٹی 2018 میں دنیا کی بہترین 78 فیصد جامعات میں شامل تھی۔
سابق وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمداختر کے چار سالہ دور میں پنجاب یونیورسٹی نے رینکنگ میں 22فیصد ترقی کی۔ پنجاب یونیورسٹی کی بین الاقوامی رینکنگ میں بہتری پر سابق وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمدکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر کی زیر صدارت ڈینز کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ ڈاکٹر سلیم مظہر نے کہا کہ پروفیسر نیازاحمد کی لیڈرشپ میں پنجاب یونیورسٹی ایشیا کی 145ویں بہترین جامعہ قرار پائی۔2022ء میں پنجاب یونیورسٹی کے 15مضامین بین الاقوامی رینکنگ میں شامل ہوئے۔ 1869میں قائم ہونیو الے نیچر پبلشنگ نے نیچرل سائنسز میں جامعہ پنجاب کوپاکستان میں نمبر 1 قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ گڈ گورننس، میرٹ اور تحقیق کے فروغ کے باعث یونیورسٹی کی عالمی رینکنگ ہرسال بہتر ہو رہی ہے۔ پنجاب یونیورسٹی کا شعبہ پٹرولیم انجینئرنگ دنیا کے بہترین 100سے 150اداروں میں شامل ہے۔ انہوں نے رینکنگ میں بہتری پر چیئرمین رینکنگ کمیٹی ڈاکٹر خالد محمود کو مبارک باد پیش کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں