مسلح افواج کا ملکی معیشت کے استحکام کیلئے بڑا فیصلہ، بجٹ کی مد میں کسی اضافی فنڈ کی ڈیمانڈ نہیں کی گئی بلکہ اربوں روپے بچت کرکے قومی خزانے میں جمع کروا دیئے

اسلام آباد(پی این آئی) مسلح افواج نے اس سال بھی بجٹ کی مد میں کسی اضافی فنڈ کی ڈیمانڈ نہیں کی۔ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے معیشت کے استحکام کیلئے بڑے فیصلے کیے اور مختلف ایریاز میں اپنے اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسلح افواج نے یوٹیلٹی بلز کی مد میں اپنے اخراجات کو مزید محدود کردیاہے ، پی او ایل کی خصوصی بچت کیلئے تربیت اورانتظامی ضروریات کو کم کیا ہے۔

 

عسکری سازوسامان کی خریداری کے غیرملکی معاہدوں کو مقامی کرنسی میں بدل دیا گیا جبکہ عسکری نقل وحرکت میں کمی اورجدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کانفرنسوں اوردیگر اہم امورکیلئے آن لائن کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عسکری تربیت کیلئے دور دراز علاقوں کے بجائے مقامی ایریا میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا۔پاک فوج نےکوروناکی مد میں ملی رقم میں سے 5 ارب روپے بچاکرحکومت کو واپس کیے جبکہ پاک فوج نے پروکیورمنٹ کی مد میں بھی ملی رقم سے 3.4 ارب روپے بچاکرقومی خزانےمیں دیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں