مجھے ہر کسی نے استعمال کیا، عامر لیاقت کا صحافی کو بھیجا گیا آخری مبینہ وائس نوٹ وائرل

کراچی(پی این آئی)گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملنے والے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کا انتقال سے چند گھنٹے قبل صحافی کو بھیجا گیاآخری مبینہ وائس نوٹ سامنے آیا ۔ایم کیو ایم کی سابق رکن اسمبلی ارم عظیم فاروقی کی جانب سے سوشل میڈیا پر عامر لیاقت حسین کیتصویر ساتھ ایک وائس نوٹ شیئر کیا گیا ہے جس کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ عامر لیاقت نے ایک صحافی کو آخری وائس نوٹ بھیجا جس کا اختتام انتہائی افسردہ تھا،

اللہ پاک عامر لیاقت حسین کی مغفرت فرمائیں۔شیئر کیے گئے وائس نوٹ میں سنا جا سکتا ہے کہ عامر لیاقت بھرّائی ہوئی آواز میں کہہ رہے کہ ’سن تو سبھی لیتے ہیں تاہم آپ تو کم از کم سمجھتے ہیں، اسی لیے میں جب یہاں سے جا رہا ہوں تو دل بہت دکھا ہوا ہے کیونکہ ہمارے والدین ہجرت کر کے یہیں رہنے کے لیے آئے تھے، یہ (پاکستان) ہر وقت عزیز رہے گا۔عامر لیاقت حسین اس وائس نوٹ میں کہہ رہے ہیں کہ میں چاہے دنیا میں کہیں پر بھی ہوں، دل پر لکھا ہے پاکستان،

میرا تو خون بھی شاید سبز ہو گا لیکن میں بہت زیادہ دکھی ہوں، مجھے سب نے استعمال کیا۔مرحوم عامر لیاقت حسین کو یہ کہتے بھی سنا جا سکتا ہے آؤں گا تو کبھی نہیں واپس پلٹ کرلیکن آپ دیکھیں گے مجھے، میرا رنگ جو میں نے یہاں چھپا رکھا اور لوگ وہ نہیں دیکھ سکے، لوگ تڑپیں گے لیکن میں یہاں واپس نہیں آؤں گا۔خیال رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت گزشتہ روز اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے،

ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔ملازمین کا کہنا تھا کہ بدھ کی رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہو رہی تھی انہیں اسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کر دیا، ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں ہسپتال لایا گیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close