امریکا نے پاکستان سے اڈے مانگے یا نہیں؟ شیخ رشید کا تہلکہ خیز دعویٰ

لاہور (پی این آئی) شیخ رشید کے مطابق امریکا نے پاکستان سے اڈے مانگے تھے تاہم عمران خان نے انکار کر دیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ امریکا گزشتہ سال سے ہی پاکستان میں فوجی اڈے حاصل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

افغانستان سے نکلنے کے بعد امریکا پاکستان کے اڈوں سے ڈرون آپریٹ کر کے افغانستان میں کاروائیاں کرنا چاہتا تھا، لیکن عمران خان نہیں مانے۔لوگ کہتے ہیں امریکا نے فوجی اڈے نہیں مانگے، لیکن امریکا نے اڈے مانگے تھے، امریکا کے مطالبے پر عمران خان نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کی زمین سے کوئی ڈرون اٹیک نہیں ہو گا۔ عمران خان نے کہا کہ میری موجودگی میں کابل پر افغانستان پر کوئی ڈرون حملہ نہیں ہو گا۔میں حلفاً کہتا ہوں کہ عمران خان نے امریکا کو صاف انکار کیا تھا۔سابق وزیر داخلہ نے مبینہ امریکی سازش کے حوالے سے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ مداخلت ہوئی سازش نہیں ہوئی، مداخلت تو سازش سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ سازش تو دو لوگوں کے درمیان ہوتی ہے، جبکہ مداخلت ملک میں کی جاتی ہے۔

اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ ان کیلئے یہ مشکل فیصلہ تھا، تاہم جب ان سے پوچھا گیا تو انہوں نے دو ٹوک فیصلہ سنایا کہ وہ عمران خان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔شیخ رشید نے میڈیا پر چلنے والے اپنے ایک بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی نہیں کہا کہ عمران خان نے بارودی سرنگیں بچھائیں۔ ہاں مجھے آئی بی نے رپورٹ دی تھی کہ آپ کو جھوٹا دلاسہ دیا جا رہا ہے، آپ کیخلاف سازش ہو رہی ہے۔ امریکی سازشی خط کے حوالے سے بھی پہلے لوگ کہتے تھے کہ کوئی خط نہیں ہے، جبکہ اب ثابت ہو چکا کہ واقعی خط آیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں