اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کو اگلا الیکشن جتوانے کیلئے ابھی سے تیاری کی جارہی ہے۔اسلام آبادمیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موجودہ حکومت کو اگلا الیکشن جتوانے کیلئے ابھی سے تیاری کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن پر کسی کو اعتبار نہیں، یہ لوگ اپنی پسند کی حلقہ بندیاں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی سازش سے ہماری حکومت ہٹائی گئی، امریکا کے پالتو اوپر آکر بیٹھے ہیں،
اس کی اجازت کے بغیر یہ کبھی کوئی کام نہیں کریں گے، ان کے اربوں روپے باہر پڑے ہیں، یہ ان کیخلاف کبھی اسٹینڈ نہیں لیں گے، میری حکومت ختم ہوتے ہی اسرائیل اور بھارت میں خوشیاں منائی گئیں، ہمارے خلاف سازش کرنے والے فوج کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قیمت چار روپے بڑھی تو بلاول نے لانگ مارچ کردیا، جبکہ ا?ج 30، 30 روپے قیمت بڑھ رہی ہے، ہم نے ساڑھے تین سال میں 55 روپے پٹرول مہنگا کیا، جبکہ انہوں نے آتے ہی 60 روپے بڑھادیا، ان کا مقصد مہنگائی نہیں بلکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کروانا تھا۔عمران خان نے مزید کہا کہ چند روز میں ملک گیر احتجاج کی کال دوں گا، جو ملک کی تاریخ کا سب سے بڑا احتجاج ہوگا، عوام تیاری رکھیں، جیسے ہی سپریم کورٹ سے ہمارے کیس کا فیصلہ ہوتا ہے کال دوں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں