اسلام آباد(پی این آئی) وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا عندیہ دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں برینٹ آئل کی قیمت میں اضافہ کی وجہ سے تیل مہنگا کرنا پڑا، حالات بہتر ہونے پر پٹرول سستا کریں گے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، تھوڑا صبر کریں شہبازشریف دور میں سب اچھا ہونے والا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کل 4 ہزار ارب روپے سے زائد خسارے کا وفاقی بجٹ پیش کیا جائے گا۔
وفاق سے صوبوں کو 4215 ارب روپے منتقل ہوں گے، بجٹ میں 1232 ارب روپے کی گرانٹس دی جائیں گے، قرض اور سود کی ادائیگیوں پر 3523 ارب روپے کا تخمینہ ہے۔ اسی طرح حکومتی امور چلانے کیلئے 550 ارب، پنشن کی مد میں 550 ارب کا تخمینہ لگایا گیا ہے، سبسڈیز کی مد میں 578 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے، ترقیاتی بجٹ کا حجم 800 ارب روپے ہوگا، نان ٹیکس کی مد میں 1626 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے، بجٹ میں پٹرولیم لیوی 550 ارب روپے حاصل ہونے کا تخمینہ ہے، جی آئی ڈی کی مد میں 2 ارب روپے کی آمدن اور گیس ڈویلپمنٹ سر چارج کی مد میں 40 ارب کی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اسی طرح بجٹ میں اسٹیٹ بینک کے منافع سے 200 ارب کی آمدن اور تیل وگیس کی رائلٹی سے 116 ارب کی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ پاسپورٹ فیس سے 35 ارب روپے کی آمدن کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کیلئے اچھی خبر ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر اتفاق ہوا، آئی ایم ایف ملازمین کی تنخواہیں بڑھانے پر رضامند ہو گیا، آئندہ بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے گا، امرا کو مراعات دیتے ہیں تاکہ وہ صنعت اور باقی کام کر سکیں، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچا لیا ہے، عمران خان کی حکومت نے معیشت کو نیم مردہ کردیا تھا، شہباز شریف دور میں سب اچھا ہونے والا ہے، تھوڑا صبرکریں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں