کوئٹہ (پی این آئی) بلوچستان کابینہ نے سرکاری ملازمین کی پنشن میں10 فیصد اضافے کی منظوری دے دی، صوبائی وزیرسردار کھیتران نے کہا کہ کابینہ ارکان کے پیٹرولیم سمیت دیگر مراعات50 فیصد کم کردی گئی، گندم کی فی من امدادی قیمت2400 روپے کردی گئی۔
انہوں نے بلوچستان کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج صوبائی کابینہ اجلاس میں 50 نکات پر غورکیا گیا، بلوچستان میں 3 نئے اضلاع کے قیام کی منظوری دے دی گئی،یکم ستمبر سے حب ،اوستہ محمداور کاریزات ضلع بنیں گے، کابینہ ارکان کے پیٹرولیم سمیت دیگر مراعات 50 فیصد کم کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اسی طرح محکمہ تعلیم کو نصاب اور تعلیم کی ترقی سے معلق فیصلوں پر خودمختار بنا دیا گیا۔سریاب روڈ پر محکمہ زراعت کی زمین پر جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح جوڈیشل کمپلیکس کیلئے 50 ایکٹر زمین مفت دی گئی ہے، مائنز اینڈ منرل ایکٹ میں ترمیم کی منظور دے دی گئی ہے، گندم کی فی من امدادی قیمت 24 سو روپے کرنے کی منظوری دی گئی۔ڈیرہ بگٹی پیرکوہ واٹر سپلائی اسکیم کیلئے منظوری دیدی گئی ہے۔ بی ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں پچاس نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا چھٹا اجلاس ہوا جس میں کابینہ اراکین ، چیف سیکرٹری سمیت متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی اجلاس میں پچاس نکاتی ایجنڈے پر غور اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے ، واضح رہے کہ اس سے قبل منعقد ہونے والے کابینہ اجلاسوں میں ریکوڈک معاہدے کی منظوری سمیت دو سو سے زائد اہم فیصلوں کی منظوری دی چکی ہے۔صوبائی کابینہ نے بلوچستان ڈویلپمنٹ اینڈ سپرویژن برائے نصاب، ٹیکسٹ بک اور معیار تعلیم کے بل 2018 کی منظوری دیدی۔ کابینہ نے ضلع کوئٹہ کی 170واٹر سپلائی سکیموں کی واسا کو حوالگی اور صوبے کے دیگر علاقوں میں پینے کے پانی کی فراہمی کے حوالے سے کمیٹی قائم کردی ، کابینہ اجلاس میں بلوچستان کے محنت کشوں کے معاوضوں کے بل 2020 کے مسودہ،بلوچستان چائلڈ میرج پابندی بل 2021،انسانی حقوق کی پالیسی 2021،بلوچستان فوڈ اتھارٹی رولز 2022 جوڈیشل کمپلیکس سریاب کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دیدی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں