اسلام آباد(آئی این پی) قومی ایئر لائن پی آئی اے نے حج آپریشن کاباضابطہ آغاز کردیا،پی آئی اے کے حج آپریشن کے پہلے روز 4 پروازوں کے ذریعے 1080 عازمین حج روانہ ہوئے، پیر کے روز پی آئی اے کی اسلام آباد سے دو، لاہور اور کوئٹہ سے ایک ایک پروازیں روانہ ہوئیں،حج آپریشن کے آغاز کی باضابطہ تقریب اسلام آباد ائیرپورٹ پر منعقد ہوئی،تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور سعودی سفیر نواف بن مالک تھے،
مہمانوں کا استقبال پی آئی اے کی جانب سے سی ای او پی آئی اے نے کیا،تقریب سے تمام مہمانوں نے خطاب کیا اور پر تپاک طریقے سے عازمین حج کو الوداع کیا،تمام حجاج کرام کو پی آئی اے اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے تحائف بھی دیئے گئے۔وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے اسلام آباد سے مدینہ جانے والی پرواز پی کے 713کے عازمین حج کو الوداع کہا۔ اس موقع پر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ منیجر، سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایئرپورٹ سیکورٹی فورس، روٹ ٹو مکہ پراجیکٹ کے سعودی حکام اور 300سے عازمین حج موجود تھے۔ وزیر مذہبی امور نے نامساعد حالات کے باوجود حج اخراجات میں کمی کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے عازمین حج کو درپیش مسائل کے فوری حل کے حوالے سے سعودی سفیر نواف سعید المالکی کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔سعودی سفیر نے طریق مکہ سہولت کا بھی افتتاح کیا جس سے عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کر روانہ ہوں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں