عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کیا کرے گی؟ حکمت عملی تیار کر لی

اسلام آباد ( پی این آئی ) سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے حکمت عملی مرتب کر لی جس کے تحت ہر ضلع میں کارکن سڑکوں پر نکلیں گے ۔مقامی اخبار کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر اور خیرپختونخوا کے وزیر خوراک و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد عاطف خان کی جانب سے اتوار کو کارکنوں کے نام جاری کر دہ آڈیو پیغام میں ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کا کوئی اعتبار نہیں اور اس سے کسی اقدام کی توقع کی جا سکتی ہے

 

لہذا اگر عمران خان کو گرفتار کیا گیا تو ہر ضلع میں کارکن سڑکوں پر نکلیں، بعدازاں انہیں اگلے لائحہ عمل سے متعلق موقع پر بتایا جائے گا۔عاطف خان نے ہدایت کی کہ اس آڈیو پیغام کو گھر اور گلی گلی تک پہنچایا جائے۔علاوہ ازیں بنی گالہ کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی جان کو درپیش خطرات کے پیش نظر بنی گالہ کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔ترجمان پولیس کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ بنی گالا کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ کی گئی ہے جبکہ بنی گالہ رہائش گاہ کے پاس سیکیورٹی کے خصوصی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔بنی گالہ کے داخلی و خارجی راستوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔عمران خان کو قانون کے مطابق مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے اور اجتماعات پر پابندی ہے۔جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہباز گل نے عمران خان کی رہائشگاہ بنی گالہ کے سیکیورٹی انتظامات پر عدم اطمینان کا اظہار کردیا۔ میڈیا سے گفتگو میں شہباز گل نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات خود کر رہے ہیں، آپ رانا ثناء اللّٰہ کی دی گئی سیکیورٹی صورتحال دیکھ لیں، یہ سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری قوم ہی ان کی حفاظت کرے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close