سپرہائی وے پر قربانی کے جانوروں کی منڈی میں پہلی واردات، ساہیوال کا بیل چوری کر لیا گیا، پولیس کی حیرت انگیز کارروائی

کراچی (پی این آئی) سپر ہائی وے پر قربانی کے جانوروں کی مویشی منڈی لگانے کا کام شروع ہو چکا ہے لیکن اس سال ابتدا میں ہی ساہیوال سے پہنچے بیوپاری کا ایک بیل چوری کرلیا گیا جسے پولیس نے حیرت انگیز پھرتی دکھاتے ہوئے لیاقت آباد سے برآمد کر لیا۔ اس حوالے سے مقامی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سچل تھانے کے ایس ایچ او اورنگزیب خٹک کا کہنا ہے کہ ساہیوال سے ایک بیوپاری سیف الرحمٰن گزشتہ روز ہی کراچی مویشی منڈی میں جانور لے کر پہنچا تھا۔

ایک ملزم موقع پاکر پانی پلانے کے بہانے ایک بیل چوری کر کے لے گیا۔ ملزم نے منڈی کے باہر جانور کو بیمار ظاہر کیا اور اسے ڈاکٹر کو دکھانے کے بہانے گاڑی میں ڈال کر فرار ہوا۔ پولیس کے مطابق ملزم شہزاد نے بیل کو لیاقت آباد میں 70 ہزار روپے میں قصائی کو فروخت کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ مویشی منڈی لگانے میں مصروف انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ جس پر سچل پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث 2 ملزمان شہزاد علی اور ذیشان کو گرفتار کرکے بیل برآمد کر لیا گیا ہے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں