پاکستان کی معیشت کو سود سے پاک کیا جائے، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا وزارت خزانہ، گورنر سٹیٹ بنک ،دیگر بنکوں کے صدور کو خط

لاہور(آئی این پی)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز کی طرف سے وزارت خزانہ، گورنر سٹیٹ بنک اور دیگر بنکوں کے صدور کو بھیجے جانے والے مراسلے جس میں انھوں نے ملکی معیشت کو سود سے پاک کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں کا خیرمقدم کیا ہے۔ منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلہ کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل کی طرف سے ربا کے خاتمے کی ہدایات سے حکومت پر مزید لازم ہو گیا ہے کہ وہ آئین پاکستان کی روشنی میں ملکی معیشت کو اسلامی خطوط پر ڈھالنے کے لیے فوری اقدامات کا آغاز کرے۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے بھی پہلے ہی حکومت اور بنکوں کو کہا ہے کہ وہ عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور ظالمانہ سودی سرمایہ دارانہ نظام سے قوم کو نجات دلائیں۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر قبلہ ایاز نے اپنے مراسلے میں حکومت اور بنکوں پر زور دیا ہے کہ وہ وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل میں نہ جائیں اور اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے حکومت کو معیشت کو سود سے آزاد کرنے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کی مکمل معاونت اور مشاورت کا یقین بھی دلایا ہے۔ ڈاکٹرفرید پراچہ نے کہا کہ جماعت اسلامی بھی معیشت کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت سے مکمل تعاون کے لیے تیار ہے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close