لاہور(آئی این پی)صوبے میں مہنگائی اورذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت جامع پلان آف ایکشن تیار کر لیا گیا ہے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول انسانیت کی خدمت کا معاملہ ہے،ایسا کام کیا جائے کہ مخلوق خدا کو آسانیاں ہو۔ہم سب سے پہلے اللہ کو جوابدہ ہیں اورپھر عوام کو جوابدہ ہیں۔
پرائس کنٹرول مانیٹرنگ کیلئے خود بھی فیلڈ میں رہوں گا،وزراء اورافسران بھی باہر نکلیں۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت اجلاس میں تمام اضلاع کی پرائس کنٹرول کمیٹیوں، کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کا وڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے تمام ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کے انعقاد کی ہدایت کی۔ اجلاس میں تندور پر بکنے والے نان اور روٹی کے نرخ کم کرانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ دکانوں،سٹالز، مارکیٹوں پر یکساں پرائس لسٹ آویزاں کی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے فیصل آباد کے ہول سیلز ڈیلرز کی طرف سے دالوں پر منافع نہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی حالات ہیں،تاجر برادری کا مہنگائی کم کرنے کی کاوش میں حکومت کا ساتھ دینا قابل تعریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا دوکانداروں سے برتاؤ اچھا ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے انہیں پروفیشنل ٹریننگ دی جائے۔ دکانداروں کو پریشان کرنا ہمارا مقصد نہیں لیکن پرائس کنٹرول کو یقینی بنایا جائے اور طے شدہ ایس او پیز کے مطابق اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے بھر میں لوکل باڈیز کے سابق چیئرمین اورکونسلرز پرائس کنٹرول کی صورتحال کی موثر مانیٹرنگ کریں۔ وزیراعلیٰ آفس میں قائم سیل کے ڈیش بورڈ پر زیادہ خراب صورتحال والے علاقوں کی بھر پور مانیٹرنگ کی جائے۔ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فیئر رٹیل پرائس کا تعین کیا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے تمام وزراء اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو متعلقہ اضلاع میں مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آٹے کی بین الاصوبائی نقل و حمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ اضلاع میں ڈی سی اورپرائس کنٹرول کمیٹی لوکل میڈیا کو ساتھ لے کر مارکیٹ کا وزٹ کریں۔اجلاس میں صوبائی وزراء سردار اویس احمد خان لغاری،عطاء اللہ تارڑ،ارکان اسمبلی بلال یاسین،ندیم کامران،رمضان صدیق،مرغوب احمد،ملک خالد محمود بابر،خواجہ وسیم،ملک ابرار،چیف سیکرٹری،آئی جی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹریز اوردیگر حکام نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس لگانے کی تجاویز مسترد کردیں:وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مہنگائی کو مدنظر رکھتے ہوئے بجٹ میں عام آدمی پر نئے ٹیکس لگانے کی تجاویز مسترد کردی ہیں۔وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ عام آدمی پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔پسے ہوئے طبقے کی مشکلات کم کرنا ہماری ترجیح ہے۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی کہ نئے ٹیکس لگانے کی بجائے عام آدمی کو ریلیف دینے پر فوکس کیا جائے اور امیر طبقے کے لیے ٹیکس بیس بڑھایا جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ وسائل میں اضافے کے لیے آوٹ آف باکس اقدامات تجویز کئے جائیں۔وزیر اعلی حمزہ شہباز نے وسائل میں اضافے کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں