پرویز مشرف کے سابقہ قریبی ساتھی کی عمران خان سے ملاقات، پی ٹی آئی میں اہم عہدہ دے دیا گیا

اسلام آباد(آئی این پی)سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈاکٹر محمد امجد کو پاکستان تحریک انصاف کا مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات مقرر کردیا گیا۔ڈاکٹر محمد امجد کی تقرری جمعہ کو پشاور میں ان کی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بعد کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی چیئرمین کے چیف آف سٹاف ڈاکٹر شہباز گل اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں فرخ حبیب بھی موجود تھے۔

ملاقات میں عمران خان نے ڈاکٹر محمد امجد کے 2019سے پارٹی کے لئے کئے جانے والے کام کو سراہا۔انہوں نے ڈاکٹرمحمد امجد کی اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بائیس سالہ سماجی خدمات کی بھی تعریف کی۔ ڈاکٹر محمد امجد آل پاکستان مسلم لیگ کے چیئرمین کے طور پر بھی کام کر چکے ہیں جبکہ تحریک انصاف میں شمولیت کے بعد انہیں پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کی ذمہ داری تفویض کی گئی تھی۔عمران خان نے ڈاکٹر محمد امجد کو تحریر و تقریر، انتظامی مہارتوں اور وسیع تجربہ کی بنیاد پرپارٹی کے مرکزی شعبہ ء اطلاعات میں فعال کردارادا کرنے کو کہااور انہیں پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات کی ذمہ داری بھی سونپی۔ ڈاکٹر محمد امجد مرکزی شعبہ اطلاعات کے تحت پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا کے ساتھ پیشہ ورانہ تعلقات میں بہتری اور مضبوطی لانے کے لئے کام کریں گے۔اس موقع پر ڈاکٹر محمد امجد نے پارٹی چیئرمین اور دیگر مرکزی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی قیادت کی توقعات پر پورا اتریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close