عمران خان کے بیانات اور انتقامی اشتعال انگیزی، ان کے اپنے امیج، پارٹی پاپولریٹی کیلئے خطرہ بن گئی ہے، خبردار کر دیا گیا

لاہور(آئی این پی)نائب امیر جماعت اسلامی، سیاسی قومی امور قائمہ کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کی قومی قیادت اقتدار سے محرومی کے بعد قومی سلامتی، قومی مفادات اور قومی وحدت کے خلاف زہر اگلتی ہے، سابق وزیراعظم عمران خان کے بیانات اور انتقامی اشتعال انگیزی خود ان کے اپنے امیج، پارٹی پاپولریٹی کے لیے خطرہ بن گیا ہے۔ عمران خان کی تدبیریں الٹی ہورہی ہیں۔

ہر محب وطن پاکستانی کو پاکستان کی سلامتی کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ پاکستان کے دشمنوں کی ریشہ دوانیاں کوئی راز نہیں۔ اندرونی محاذ کا انتشار اور قومی قیادت کی اقتدار پرستی، کرسی کا حصول اور اس سے چمٹے رہنے کی ہوس تباہی کا باعث ہے۔لیاقت بلوچ نے جماعت اسلامی پنجاب کے شمالی، وسطی اور جنوبی کے امرائے صوبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے صوبائی حلقوں کی 20 نشستوں پر مرکزی پارلیمانی بورڈ نے حصہ لینے کے لیے ہدایات دی ہیں۔ امرائے صوبہ حتمی فیصلے کرلیں۔ جماعت اسلامی کی سیاسی، انتخابی حکمت عملی واضح ہے کہ امانت، دیانت اور خدمت کے واضح کردار کے ساتھ اسلامی منشور اور ترازو نشان پر انتخابات میں حصہ لے گی۔ ترازو نشان مظلوم اور انقلابی عوام کا نشان ہے۔لیاقت بلوچ نے اتحادی حکومت کی طرف سے ایک ہفتہ کے دوران پٹرول قیمتوں میں 60 روپے فی لٹر اضافہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

صنعت، زراعت اور تجارت کا پہیہ جام ہوجائے گا۔ مہنگائی، بے روزگاری کا سونامی آئے گا۔ سیاسی انتشار، لڑکھڑاتی کمزور ترین اتحادی حکومت قومی سلامتی، عوامی مفادات اور آئین، جمہوریت، پارلیمانی نظام کے لیے خطرناک شکل اختیار کرگئی ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف بیرونی دوروں کی بجائے ملک کے اندرونی حالات کو ترجیح دیں۔ گھر میں آگ لگی ہے، بیرون ملک سے کوئی مدد اور تعاون اندرونی حالات میں تبدیلی نہیں لاسکتا۔ قومی ڈائیلاگ، انتخابی اصلاحات اور آئین و قانون کی بالادستی کے ساتھ اسلام کا بابرکت نظام ہی مسائل کا واحد حل ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close