اسلام آباد (پی این آئی) ملک میں صرف ایک ہفتے کے دوران پٹرول 60 روپے فی لٹر مہنگا ہونے پر ایئرپورٹ ملازم نے گدھا گاڑی پر دفتر آنے کی اجازت مانگ لی ۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ کے ملازم آصف اقبال نے پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر سول ایوی ایشن حکام سے گدھا گاڑی لانے کی اجازت طلب کی ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن کے نام لکھی گئی درخواست میں ملازم نے کہا ہے کہ بڑھتی پٹرولیم قیمتوں کی وجہ سے ذاتی ٹرانسپورٹ لانا بھی ممکن نہیں ، اتنی مہنگائی میں ادارے نے ٹرانسپورٹ سہولت بند کردی ، اس وقت فیول الاؤنس اور پک اینڈ ڈراپ دونوں فراہم نہیں کیے جا رہے ، اس لیے مہربانی فرما کر مجھے گدھا گاڑی ائیرپورٹ لانے کی اجازت دی جائے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات مزید 30 روپے مہنگا کرکے مہنگائی کا بم گرا دیا ہے ، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ پیٹرول اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت نے ڈبل سینچری مکمل کر لی ، حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 30 روپے اضافے کا اعلان کردیا اور اس اضافے کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 86 پیسے اور ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 204 روپے 15پیسے ہو گئی جب کہ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت بڑھا کر 178 روپے اور مٹی کے تیل کی قیمت بھی 181 روپے 94 پیسے مقرر کر دی گئی ۔ملک میں پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے پر کراچی میں مشتعل افراد نے متعدد پیٹرول پمپوں پر دھاوا بول دیا ۔
مشتعل مظاہرین نے پیٹرول پمپ پر پتھراؤ کیا ، ٹائروں اور دیگر اشیاء کو نذر آتش کرکے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا ، مختلف علاقوں میں پیٹرول کی قیمت میں اضافے اور عدم فراہمی پر مشتعل افراد نے ٹائروں سمیت دیگر اشیاء کو نذر آتش کر کے ٹریفک معطل کر دیا ، احتجاج کرتے ہوئے مشتعل افراد نے توڑْ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کیا ، سخی حسن چورنگی سرینہ موبائل مارکیٹ کے قریب مشتعل افراد نے پیٹرول پمپ پر پتھراؤ کیا جس سے ڈسپینسر یونٹس کو نقصان پہنچا ۔اس کے علاوہ مشتعل مظاہرین نے سڑک پر ٹائروں اور دیگر اشیاء کو نذر آتش کرکے بھی پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کیا ، اسی طرح پیٹرول کی قیمتوں کے اضافے پر پرانی سبزی منڈی پر قائم پیٹرول پمپ پر بھی مشتعل افراد نے دھاوا بول کر پتھراؤ کردیا ، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی بھی شدید متاثر ہوئی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں