اسلام آباد (پی این آئی) عمران خان کا متنازعہ بیان نشر کرنے پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے نجی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو کے دوران دیے گئے متنازعہ بیان کے حوالے سے ایکشن لیا گیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق پیمرا نے سابق وزیر اعظم کے بیان کو قومی سلامتی کیلئے خطرناک قرار دے کر تمام ٹی وی چینلز پر مذکورہ بیان نشر یا نشر مکرر کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی سیاست کریں حد سے تجاوز نہ کریں ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جب میں ترکی میں معاہدوں پر دستخط کر رہا ہوں تو عمران نیازی ملک کے خلاف دھمکیاں دے رہا ہے ، اگر کسی ثبوت کی ضرورت تھی کہ نیازی عوامی عہدے کے لیے نااہل ہے تو ان کا تازہ ترین انٹرویو کافی ہے ، اپنی سیاست کرو لیکن حد سے تجاوز کرنے اور پاکستان کی تقسیم کی بات کرنے کی ہمت نہ کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہم فیصلہ کن وقت پر کھڑے ہیں، ہم تباہی کی طرف جاسکتے ہیں، میں لکھ کر دیتا ہوں کہ اگر اسٹیبلشمنٹ نے درست فیصلے نہ کیے تو پہلے فوج تباہ ہوگی پھر ملک تباہ ہوجائے گا، کیوں کہ یہ حکومت جب سے آئی ہے روپیہ گررہا ہے، مہنگائی ہورہی ہے، اگر ہم دیوالیہ ہوجاتے ہیں تو سب سے بڑا ادارہ تباہ ہوگا، پھر یوکرین کی طرح ایٹمی اثاثے واپس لیے جائیں گے، اس کے بعد ملک کے تین ٹکرے ہوجائیں گےجو ان کی منصوبہ بندی بنی ہوئی ہےاس لیے اس وقت درست فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں