پی ٹی آئی ٹائیگرز ہو جائیں تیار، عمران خان نے کارکنان کو کال دیدی

اسلام آباد(پی این آئی) چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کل ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہدایات پر ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف کل بروز جمعہ ملک گیر احتجاج کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ امپورٹڈ حکومت سے مہنگائی کنٹرول نہیں ہو رہی، ان کی نااہلی اورغلط پالیسیوں کے باعث لوڈشیڈنگ اور مہنگائی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، یہ پاور پلانٹس کو چلا نہیں پا رہے۔

 

جس سےعوام کو شدیدمشکلات کاسامنا ہے۔ ہماری حکومت کے اندر لوڈ شیڈنگ نہیں ہو رہی تھی کیونکہ ہم نے لوڈ شیڈنگ ختم کر دی تھی۔کل ہم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کریں گے۔خیال رہے کہ ملک بھر میں مہنگائی کی لہر جاری ہے۔ ملک میں مئی کے دوران مہنگائی کی شرح تقریباً ڈھائی سال کی بلند ترین سطح پر 13.76 فیصد تک پہنچ گئی۔پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق نقل و حمل اور خوراک کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔اپریل میں مہنگائی کی شرح 13.37 ہوگئی تھی جس میں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر 0.44 فیصد مزید اضافہ ہوا۔ مئی 2022میں جنوری 2020 کے بعد سب سے زیادہ کنزیومر پرائس انڈیکس کی مہنگائی ہے، اس وقت افراطِ زر 14.6 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔پی بی ایس کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں 12.36 فیصد اور دیہی علاقوں میں 15.88 فیصد اضافہ ہوا۔مہنگائی میں سب سے زیادہ اضافہ ٹرانسپورٹ کی وجہ سے ہوا جس کے نرخ 31.77 فیصد بڑھے، اس کے بعد خوراک کی قیمتوں میں 17.25 فیصد اضافہ ہوا۔

 

پاکستان ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق خراب ہونے والی اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں 26.37 فیصد اور نہ خراب ہونے والی اشیا کی قیمتوں میں 15.94 فیصد اضافہ ہوا۔دیگر زمروں میں جن اشیا ء کی قیمتوں میں دوہرے ہندسے کا اضافہ دیکھا گیا ان میں فرنشننگ اور گھریلو دیکھ بھال کا سامان 16.11 فیصد، ریسٹورنٹس اور ہوٹل 15.98 فیصد، متفرق اشیا ء اور خدمات 13.32 فیصد، تفریح اور ثقافت 12.28 فیصد، کپڑے اور جوتے 11.29 فیصد، صحت 10.59 فیصد، الکوحل والے مشروبات اور تمباکو 10.13 فیصد شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں