دوستی کا عظیم رشتہ، پاکستان اور ترکی کے درمیان 7 معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط

انقرہ (آئی این پی ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی پاکستان کے دوسرے گھر جیسا ہے، پاکستان اور ترکی 75 سالہ تعلقات کی سالگرہ منا رہے ہیں، ترکی نے ای کامرس اور دیگر شعبوں میں بھرپور ترقی کی ہے، ترکی اور پاکستان قدرتی شراکت دار ہیں ، پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے، پاکستانی عوام کشمیر تنازع پر ترکی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں،

پاک ترک اعلیٰ قیادت میں آئندہ ملاقات ستمبر میں پاکستان میں ہوگی ، ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، ترکی اور پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دیئے ہوئے ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ بدھ کو ترکی کے دورے پر موجود وزیراعظم شہباز شریف کی ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات ہوئی جس کے بعد دونوں رہنمائوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ترک صدر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا،دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے پر عزم ہیں، دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی تمام کوششوں کی حمایت کرتے ہیں، مختلف فورمز پر پاکستان اور ترکی یکساں موقف رکھتے ہیں،

پاکستان سے ترکی کے انتہائی قریبی دوستانہ تعلقات ہیں۔ترک صدر نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کرتے ہیں، بحری جہازوں کی تیاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کر رہے ہیں، مواصلات، تعلیم، ماحولیات، انفرا ا سٹرکچر کے شعبے میں قریبی تعاون ہے۔طیب اردگان نے کہا کہ عوام کی خوشحالی کیلئے اقتصادی تعاون ترجیح ہے، عالمی فورمز پر پاکستان کی بھرپور حمایت پر شکرگزار ہیں، پر امن اور خوشحال افغانستان خطے کے مفاد میں ہے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو بھرپور امداد فراہم کی گئی۔ترک صدر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصولی مقف پر ترکی پاکستان کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکی پاکستان کے دوسرے گھر جیسا ہے، پاکستان اور ترکی 75 سالہ تعلقات کی سالگرہ منا رہے ہیں، ترکی نے ای کامرس اور دیگر شعبوں میں بھرپور ترقی کی ہے، ترکی اور پاکستان قدرتی شراکت دار ہیں ، پاکستان اور ترکی کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات ہیں،مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو بلندیوں پر لے جائیں گے۔شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام کشمیر تنازع پر ترکی کی حمایت کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستانی عوام کشمیر تنازع پر ترکی کے واضح موقف پر مشکور ہیں، پاکستان حق خود ارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک ترک اعلیٰ قیادت میں آئندہ ملاقات ستمبر میں پاکستان میں ہوگی ، ستمبر میں ترک صدر کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں ، ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، ترکی اور پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن کیلئے کام کرتا رہے گا۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ روز وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر ترکی پہنچے تھے۔وزیر اعظم کے دورہ ترکی میں پاکستان اور ترکی کے درمیان 7 معاہدوں کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔پاکستان اور ترکی کے درمیان نالج شیئرنگ پروگرام کے فریم ورک کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔پاکستان اور ترکی کے درمیان ہائی وے انجینئرنگ، دو طرفہ تجارت اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے ایم او یو پر دستخط ہوئے۔اس کے علاوہ پاکستان اور ترکی میں تکنیکی معاونت کے پروٹوکول، قرضوں کی منیجمنٹ میں تعاون، پاک ترک ماحولیاتی تبدیلی کے مشترکہ فریم ورک اور پاکستان اور ترکی کے درمیان پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ بڑھانے کے معاہدے کے ایم او یوز پر بھی دستخط ہوئے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں