اسلام آباد (پی این آئی ) تحریک انصاف نے لانگ مارچ کی اجازت دیے جانے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروادی۔تحریک انصاف نے لانگ مارچ سے متعلق درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی۔نجی ٹی وی ہم نیو زکے مطابق درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کو احتجاج کیلئے اجازت دینے کا حکم دیا جائے۔تحریک انصاف نے ممکنہ گرفتاریوں کو روکنے کیلئے درخواست میں کہا ہے کہ احتجاج کے دوران کسی کارکن کو گرفتار نہ کیا جائے۔
احتجاج کے راستے میں رکاوٹیں حائل نہ کی جائیں۔وفاقی اور پنجاب حکومت کو تشدد اور طاقت کے استعمال سے روکا جائے۔واضح رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا تھا کہ احتجاج کاحق لینے سپریم کورٹ جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ روز کہا ہے کہ پُرامن احتجاج کے تحفظ کے لیے سپریم کورٹ رولنگ دے، ورنہ اس بار ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔انہوں نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ سے رولنگ لے رہے ہیں کہ پر امن احتجاج کا حق ہےکہ نہیں،کس بنیاد پر انہوں نے ہمیں روکا تھا۔
سپریم کورٹ کو کہہ رہا ہوں کہ آپ ہمیں رولنگ دیں۔ ہمیں بتائیں کہ کس بنیاد پہ ہمیں روکا گیا اور انتشار پھیلا یا گیا۔میں نے لوگوں کو احتجاج کے لیے تاریخ دینی ہے آئندہ جب ہم آئیں گے تو ہمیں بتائیں کہ کیا سپریم کورٹ اس طرح کے غیر جمہوری عمل کی اجازت دے گی؟ عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر سپریم کورٹ ہمیں تحفظ دیتی ہے تو ہماری حکمت عملی الگ ہوگی اور اگر ہمیں تحفظ نہیں ملتا تو میں سب کے سامنے کہہ رہاہوں کہ پھر ہماری دوسری حکمت عملی ہوگی اور اس بار تو ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب ہم تیاری کے ساتھ جائیں گے۔ یہ میرے لیے جہاد ہے، امپورٹڈ حکومت کو ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں