جسے اللہ رکھے، معروف بزنس مین میاں منشا کا طیارہ خوفناک حادثے سے بال بال بچ گیا، پائلٹ کی حاضر دماغی کام آگئی

لاہور (نیوزڈیسک) معروف بزنس مین میاں منشا کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں منشا وزیراعظم شہباز شریف کو جوائن کرنے ترکی جا رہے تھے۔میاں منشا کا طیارہ NISHAT-1 جیسے ہی افغانستان کی حدود میں پہنچا تو اس میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔پائلٹ طیارے کو افغانستان سے واپس لاہور ائیرپورٹ لے آیا ،

تکنیکی خرابی دور کرنے کے بعد میاں منشا اسی طیارے میں دوبارہ سفر کرکے ترکی پہنچے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ میاں منشا وزیراعظم کے ہمراہ ترکی میں کاروباری وفد کی نمائندگی کر رہے ہیں۔خیال رہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف منگل کو تین روزہ سرکاری دورےپر ترکی پہنچ گئے۔انقرہ ایئر پورٹ آمد پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کے وفد کا ترک وزیر دفاع اور اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا ۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر سرمایہ کاری بورڈ چوہدری سالک حسین، معاونین خصوصی طارق فاطمی اور فہد حسین بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کا ترکی کا یہ پہلا دورہ ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ترکی پہنچیں گے۔دورے(31 مئی تا 2 جون 2022) کے دوران وزیراعظم شہبازشریف کی صدر رجب طیب اردوان سے بالمشافہ (وَن آن وَن) ملاقات ہوگی جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت کا انعقاد ہوگا۔پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوئوں کا جائزہ لینے کے علاوہ دونوں راہنما علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ دونوں رہنما اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے مشترکہ خطاب بھی کریں گے۔ صدر اردوان وزیراعظم کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیں گے۔ رواں برس پاکستان اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ بھی منائی جارہی ہے۔ دورے کے دوران صدر اردوان اور وزیراعظم شہبازشریف مشترکہ طور پر یادگاری نشان بھی جاری کریں گے جو ترکی اور پاکستان کے درمیان غیرمعمولی دوطرفہ تعلقات کی طویل تاریخ میں اِس اہم سنگ میل کی مناسبت سے تیار کیاگیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں