اسلام آباد (پی این آئی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی رپورٹ شائع کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق نئی حلقہ بندیوں میں الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے چھ حلقےکم کیے ہیں، قومی اسمبلی کی جنرل نشستیں 272 کےبجائے 266 ہوں گی، قبائلی اضلاع کی نشستیں 12 سے کم کرکے 6 کردی گئی ہیں۔ اسلام آبادمیں قومی اسمبلی کےحلقے تین ہی رہیں گے اور یہاں قومی اسمبلی کاحلقہ 46 سےشروع ہوگا۔
پنجاب میں قومی اسمبلی کے 141 حلقے، سندھ کے قومی اسمبلی کے 61 حلقے اور بلوچستان میں 16 حلقے برقراررہیں گے۔ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے کل حلقے 45 ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیاں آبادی کی بنیاد پر کی ہیں۔ قومی اسمبلی کاسب سےبڑا حلقہ این اے 81 حافظ آبادکا ہوگا ۔ یہ حلقہ 11 لاکھ 56 ہزارکی آبادی پرمشتمل ہوگا۔ قومی اسمبلی کا سب سے چھوٹا حلقہ این اے 42 ٹانک کا ہوگا جس کی آبادی 4 لاکھ 27 ہزارکی آبادی پرمشتمل ہوگی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے کی گئی ابتدائی حلقہ بندیوں پرمتعلقہ حلقےکاووٹر 30 جون تک اعتراض دائرکرسکتاہے، الیکشن کمیشن یکم سے 30 جولائی تک اعتراضات پرفیصلے کرےگا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں