پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے درمیان پنجاب میں اقتدار کا فارمولا طے پا گیا

لاہور(پی این آئی)پیپلز پارٹی اورن لیگ کے درمیان پنجاب میں اقتدار کا فارمولا طے پاگیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں پیپلز پارٹی کو صوبائی کابینہ میں دو اور دوسرے مرحلے میں تین وزارتیں دی جائیں گی،پیپلز پارٹی کو پنجاب میں سینئر صوبائی وزیر سمیت پانچ وزارتیں ملیں گی۔ خیال رہے کہ پنجاب کابینہ کی تقریب حلف برداری میں تاخیر کی گئی تھی ۔

 

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی سے تلعق رکھنے والے سید حسن مرتضیٰ کو سینئر وزیر بنانے میں ٹال مٹول کی وجہ سے تاخیر ہوئی کیونکہ حسن مرتضیٰ کو ن لیگ سینئر وزیر تسلیم کرنے کے لیے تیار نہ تھی۔جس کے باعث حلف برداری سے قبل دوسرے ساتھی کے ہمراہ حسن مرتضیٰ گورنر ہاؤس سے واپس چلے گئے تھے۔تاہم بعد میں انہیں منا کر لایا گیا اور سینئر وزیر بنانے کی یقین دہانی کروائی گئی جس کے بعد حسن مرتضیٰ اور حیدر گیلانی نے صوبائی وزیر کا حلف اٹھایا۔رپورٹ کے مطابق واقعے سے متعلق حسن مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت میں ایسے معاملات ہوتے رہے ہیں۔سینئر وزیر کی تعیناتی کا میرا نوٹیفیکیشن بھی ہو چکا اب کوئی مسئلہ نہیں۔خیال رہے کہ صوبہ پنجاب کی 8 رُکنی صوبائی کابینہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبائی وزراء سے عہدے کا حلف لیا جب کہ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تقرری سے متعلق نوٹی فکیشن پڑھ کر سنایا ۔

 

میدیا رپورٹس کے مطابق حلف اٹھانے والے وزراء میں رانا محمد اقبال خان ، سردار اویس خاں لغاری ، ملک محمد احمد خاں شامل ہیں اس کے علاوہ خواجہ سلمان رفیق ، سید حسن مرتضیٰ ، عطاء اللّٰہ تارڑ ، چوہدری بلال اصغر اور علی حیدر گیلانی بھی صوبائی کابینہ کا حصہ بن گئے۔ قبل ازیں پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے گورنر ہاؤس لاہور میں عہدے کا حلف اٹھایا ، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد امیر بھٹی نے بلیغ الرحمان سے عہدے کا حلف لیا جب کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے تقرری سے متعلق نوٹی فکیشن پڑھ کر سنایا ، حلف برداری تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز بھی شریک ہوئے اس کے علاوہ پارلیمنٹیرینز اور لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے بھی تقریب میں شرکت کی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close