قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کارکنان کی واپسی؟ فواد چوہدری نے بھی بڑا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) تحریک انصاف کے رہنماء فواد چوہدری نے پی ٹی آئی کی قومی اسمبلی میں واپسی کی تردید کردی ۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے اسمبلیوں میں واپسی کے فیصلے سے متعلق خبر حسب معمول خواہش پر مبنی ہے۔

 

اپنے ایک ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے لکھا کہ کور کمیٹی یا سینئر لیڈرشپ کا فیصلہ یہ ہے کہ نئے انتخابات ہونے چاہئیں اور لوگوں کو حق حاصل ہونا چاہئے کہ وہ اپنی حکومت منتخب کر سکیں۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد عمر نے بھی ان افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پشاور میں کور کمیٹی کے اجلاس میں پارٹی کے قومی اسمبلی میں واپسی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ، ہم شروع سے کہہ رہے ہیں کہ نئے انتخابات کا اعلان کیا جائے ، صرف ہم ہی نہیں بلکہ مریم نواز سمیت ن لیگ کی قیادت بھی الیکشن کی بات کرتی رہی ہے ۔خیال رہے کہ جنگ اخبار نے رپورٹ کیا تھا کہ تحریک انصاف کی قومی اسمبلی میں واپسی کا امکان ہے کیوں کہ اسد عمر ، شاہ محمود قریشی ، فواد چوہدری اور پرویز خٹک اسمبلی میں واپسی کے خواہشمند ہیں ، کور کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی میں واپسی کی تجویز پر مشاورت کی گئی۔

 

کور کمیٹی اجلاس میں اراکین نے کہا کہ اسمبلی تحلیل نہ ہوئی تو سوا سال تک اسمبلی کے باہر نہیں بیٹھا جا سکتا جس پر عمران خان نے اسمبلی میں واپسی کا فیصلہ سینئر قیادت سے مشروط کر دیا ۔رپورٹ کے مطابق عمران خان نے کہا کہ 25 مئی کو تحریک انصاف کی پنجاب کی قیادت نے مایوس کیا ، پنجاب بڑا صوبہ ہے جہاں تحریک انصاف کہ اکثریت موجود ہے ، اکثریت کے باوجود پنجاب سے جتنا زیادہ ردِعمل آنا چاہئیے تھا وہ نہیں آیا ، شفقت محمود، فواد چوہدری اور دیگر کارکنوں کو نکالنے میں ناکام رہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close