اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے اعتراف کرلیا کہ تحریک انصاف کی بھی غلطیاں ہیں کہ صورتحال اس نہج پر پہنچی لیکن کیا پاکستان کو اگلے چالیس سال زرداری اور شریف چلائیں گے ۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنےپیغام میں فواد چودھری نے کہا کہ کیا ان سالوں کی طرح اگلی چار دہایاں بھی ضائع کر دی جائیں؟ ، کیا آپ یہ وراثت چھوڑ کر جانا چاہیں گے؟، لوگوں کے غصے کو کم نہ سمجھیں لوگ توقع سے زیادہ ناراض ہیں۔خیال رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو لانگ مارچ کیا تھا ، اسلام آباد پہنچ کر انہوں نے حکومت کو اسمبلیاں تحلیل کر کے 6 روز میں الیکشن کا اعلان کرنے کی ڈیڈ لائن دی تھی ۔ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے جناح ایونیو اسلام آباد پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آزادی کی تحریک کو ناکام بنانے کیلئے ہر طرح سے کوشش کی گئی مگر میری قوم آزادی کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔
ملک پر امریکی سازش کے تحت امپورٹڈ حکومت مسلط کی گئی جسے کسی صورت قوم قبول نہیں کرے گی۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ میر جعفر اور میر صادق امریکی سازش کا حصہ تھے ، ان کی آدھی سے زیادہ کابینہ ضمانتوں پر ہے ، اس امپورٹڈ وزیر اعظم اور اس کے بیٹے کو سزا ہونی تھی ، اس سے زیادہ کیا توہین ہو گی قوم کی کہ اقتدار چوروں کو سونپ دیا گیا ،جس طرح سازش سے ہمیں ہٹایا گیا،عوام میں شدید غصہ ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں